پاکستان

پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کے لئے بری خبر، الیکشن کمیشن نے طلب کرلیا

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے قومی اور صوبائی اسمبلی کے اسپیکر کی جانب سے آرٹیکل 63 اے کے تحت بھیجی گئی فہرست کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منحرف اراکین اسمبلی کو 28 اپریل کے لیے نوٹس جاری کر دیے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا جہاں ای سی پی کے الیکشن سیکریٹری اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔  بیان میں کہا گیا کہ اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی طرف سے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط پر غور کیا گیا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پارٹی نے قومی اسمبلی کی جنرل، خواتین اور مخصوص نشستوں پر منتخب اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے تمام اراکین نے استعفے دے دیے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے بتایا کہ اب قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کی کوئی نمائندگی نہیں ہے، منحرفین کے خلاف آرٹیکل63 اے کے تحت کیس الیکشن کمیشن کو بھیجا جا چکا ہے اور اس طرح وہ تمام ترجیحی فہرست جو پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن میں جمع کرائی ہیں وہ بھی واپس لی جاتی ہیں۔ اس ضمن میں الیکشن کمیشن نے مؤقف اختیار کیا کہ قانون کے مطابق الیکشن کمیشن کو اسپیکر قومی اسمبلی کی طرف سے کسی رکن کے استعفوں کا نوٹیفکیشن موصول نہیں ہوا اور جونہی استعفوں کا کیس اسپیکر سے الیکشن کمیشن کو موصول ہو گا، قانون کے مطابق اس پر کارروائی ہوگی۔  بیان میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے ان تمام اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی جن کے خلاف آرٹیکل 63 ( اے) 3 کے تحت ڈیکلریشن اسپیکر قومی اسمبلی اور اسپیکر صوبائی اسمبلی سے موصول ہو چکا ہے، ان تمام اراکین قومی اسمبلی کو 28 اپریل کے لیے نوٹس جاری کردیئے ہیں۔  الیکشن کمیشن نے کہا کہ اسی طرح اراکین صوبائی اسمبلی کو 6 مئی کے لیے نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں تاکہ ان کیسز کی سماعت کی جاسکے۔ الیکشن کمیشن نے اس سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف کو بھی نوٹس جاری کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے رواں ماہ کے شروع میں الیکشن کمیشن آف پاکستان میں منحرف اراکین سے متعلق درخواست دائر کردی گئی تھی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ 20 سے زائد پی ٹی آئی کے اراکین پارلیمنٹ منحرف ہوئے، منحرف اراکین کی وجہ سے اتحادیوں نے حکومت کا ساتھ چھوڑا اور درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ حکومت جانے سے ناقابل تلافی نقصان ہو گا، الیکشن کمیشن ان منحرف اراکین کو ووٹ کاسٹ کرنے سے روکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker