اہم خبریںبین الاقوامی

پاک فوج کے ترجمان کے بیان سے اتفاق کرتے ہیں، امریکہ

واشنگٹن(آئی پی ایس)امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ ہم پاکستانی فوج کے ترجمان کے بیان سے اتفاق کرتے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ امریکا پر لگائے جانے والے الزامات میں کوئی صداقت نہیں، ہم پرامن جمہوری اصولوں اور انسانی حقوق کی حمایت کرتے ہیں۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ سازش کے حوالے سے ہمار اپیغام اور بیان بڑا واضح ہے، امریکا آئین کی پرامن پاسداری، جمہوری عمل اور انسانی حقوق پر یقین رکھتا ہے۔ ترجمان امریکی محکہ خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ہم پاکستان یا کسی بھی ملک میں کسی ایک جماعت کو ترجیح نہیں دیتے، امریکا قانون کی حکمرانی اور قانون کے تحت یکساں انصاف کی فراہمی کے جامع نظریات پر یقین رکھتا ہے۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے شھباز شریف کو وزیراعظم بننے پر مبارک باد پیش کی اور کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کی حکومت کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ نیشنل سکیورٹی کمیٹی کے اعلامیے میں سازش کا لفظ نہیں ہے، ریمارکس صرف سازش پر نہیں دیے جاتے اور بھی وجوہات ہوتی ہیں۔

 

ایک اور سوال کے جواب میں ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے فوجی اڈوں کا کسی سطح پر مطالبہ نہیں کیا گیا، اگر مطالبہ ہوتا تو جواب انکار میں ہی ہوتا، ملک کے ایٹمی اثاثے محفوظ ہیں، ایٹمی ہتھیاروں سے متعلق بات کرتے ہوئے محتاط رہنا چاہیے۔خیال رہے کہ 27 مارچ کو اسلام آباد میں جلسہ عام سے خطاب میں سابق وزیراعظم عمران خان نے خط لہرایا تھا اور کہا تھاکہ ملک میں باہر سے پیسے کی مدد سے حکومت تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ہمیں لکھ کر دھمکی دی گئی، میرے پاس خط ہے اور وہ ثبوت ہے۔اور پھر بعد میں عمران خان نے امریکا کا نام واضح طور پر لے لیا اور گزشتہ دنوں انہوں نے پاکستان کو دھمکی دینے والے امریکی عہدیدار کا نام بھی بتا دیا تھا۔

 

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker