
پی پی رہنما فیصل کریم کنڈی نے پیپلزپارٹی کو ملنے والی وفاقی وزارتوں کی تفصیل بتادی۔ کہتے ہیں کہ وزارت خارجہ سمیت 10 وزارتیں ملیں گی، صدر بننے کیلئے آصف زرداری پر پارٹی کا پریشر ہے۔
عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد مسلم لیگ ن، پیپلزپاررٹی، جمعیت علمائے اسلام (ف)، عوامی نیشنل پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان، بلوچستان عوامی پارٹی سمیت کئی جماعتوں کی مخلوط حکومت قائم ہوئی۔پی ٹی آئی حکومت کی اپوزیشن اور دو اتحادی جماعتوں نے مل کر مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب کرادیا، جس کے بعد موجودہ حکومت میں شامل جماعتوں کے درمیان وزارتوں کی تقسیم کیلئے بات چیت کا عمل جاری ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ ہمیں وفاقی کابینہ میں 10 وزارتیں ملیں گی، وزیر خارجہ بھی پیپلزپارٹی سے ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ آصف زرداری پر صدر بننے کیلئے پارٹی کا پریشر ہے، صدر عارف علوی مستعفی نہ ہوئے تو مواخذہ ہوسکتا ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے مزید بتایا کہ چیئرمین سینیٹ اور گورنر پنجاب بھی پیپلزپارٹی سے ہوں گے جبکہ سندھ کی گورنر شپ ایم کیو ایم پاکستان کو دینے کیلئے مشاورت جاری ہے۔