
اسلام آباد(آئی پی ایس)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور ان کے سرپرائز کا وقت ختم ہو چکا ہے،اب وہ گھر جانے کی تیاریاں کریں ۔اسلام آباد میں جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ شاہ زین بگٹی کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان نے اتحادیوں کو دھوکہ دیا، وزیر اعظم اور اس کی حکومت کااپنے اتحادیوں سے سلوک افسوسناک ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بلوچستان کے ایشوز بہت پیچیدہ ہیں، بلوچستان کے عوام کے ساتھ انصاف نہیں کیا گیا، ہمیں ملک کو مسائل سے نکالنے کے لیے مل کے محنت کرنا ہوگی۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ آصف زرداری ملک کے طاقتور سویلین صدر تھے، ان کے دور میں سب سے مل کر کام کیے گئے، ہم بلوچستان کے اصل مسائل پر آواز اٹھائیں گے اورحل بھی کرائیں گے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام سمجھ چکے ہیں کہ نیا پاکستان کا مطلب مہنگائی، بے روزگاری اور غربے ہے، تبدیلی کا مطلب تباہی ہے۔ پاکستانی عوام جانتے ہیں وہ کسی قسم کے پروپیگنڈے کا شکار نہیں ہوں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اب وزیراعظم اور ان کے سرپرائز کا وقت ختم ہو چکا ہے، انہیں جو کرنا تھا ساڑھے 3 سال میں کرسکتے تھے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت کے دیگر اتحادیوں سے ہماری اور دوسری جماعتوں کی ملاقاتیں جاری ہیں، اتحادی فیصلے کر چکے ہیں، امید ہے وہ وقت پر اپنا فیصلہ سنائیں گے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہعمران حکومت اکثریت کھو چکی ہے، ہارے ہوئے شخص کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ان کی کوئی خواہش پوری نہیں ہونے دیں گے، عمران خان کو ہم صرف جمہوری راستہ اختیار کر کے ہٹائیں گے