چند روز قبل ہم نے ناسا کے آرتیمس مشن کا ذکر کیا تھا اور اب اس ضمن میں پہلا راکٹ لانچ پیڈ تک پہنچ چکا ہے جسے جلد ہی چاند تک روانہ کیا جائیگا۔آرتیمس منصوبے کے تحت دنیا کی پہلی خاتون اور غیرسفید فارم شخص کو چاند پر پہنچایا جائے گا۔ تاہم اس میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔ اس پورے منصوبے کے تحت چاند کا دوبارہ سروے کیا جائے گا۔ پھر وہاں ضروری سامان اتارا جائے گا ، اگلے مرحلے میں قمری گاڑیاں اور آخر میں انسانوں کو دوبارہ چاند پر قدم رکھنے میں مدد دی جائے گی
لگ بھگ پچاس برس بعد ناسا نے دوبارہ چاند کا رخ کیا ہے جس کے لیے دو ہفتے قبل کانگریس نے فنڈنگ کی منظوری بھی دیدی ہے۔ اسے آرتیمس ون منصوبے کا نام دیا گیا ہے ۔ لانچ پیڈ پر آنے کے بعد ماہرین اور انجینیئر اس کیایندھنی ٹینک اور دیگر نظاموں کا جائزہ لیں گے۔تاہم اپریل کے آخر یا مئی میں اسے چاند کی جانب بھیجا جائے گا۔ اسے ناسا نے عام طور پر اسپیس لانچ وھیکل یا ایس ایل ایس کا نام دیا ہے۔ اس میں اورائن کیپسول ہی اس کا دل و دماغ ہے جس میں جدید برقی نظام اور سسٹم موجود ہے۔ اس مشن کی معلومات کے بعد انسان پر چاند کی دوبارہ یاترا کی راہ ہموار ہوگی۔