
اسلام آباد(آئی پی ایس)وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے تناظر میں ہارس ٹریڈنگ روکنے سے متعلق صدارتی ریفرنس کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔اٹارنی جنرل آف پاکستان خالد جاوید خان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ہر صورت ہارس ٹریڈنگ روکنا چاہتے ہیں، وزیراعظم کی ہدایت پر ریفرنس تیار کیا جارہا ہے، ریفرنس 21 مارچ کو سپریم کورٹ میں دائر کیا جائے گا۔
اٹارنی جنرل نے کہا کہ ریفرنس آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے لیے دائر کیا جائے گا۔ ریفرنس میں قانونی نکات کے ساتھ ساتھ 63 اے کی سپریم کورٹ سے تشریح کی استدعا کی جائے گی۔واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پیش کی جاچکی ہے۔پی ٹی آئی کے جہانگیر ترین گروپ سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی راجا ریاض کا کہنا ہے کہ کم از کم 25 ارکان وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں اپوزیشن کا ساتھ دیں گے۔پی ٹی آئی کے ایک اور منحرف رکن قومی اسمبلی رمیش کمار نے دعوی کیا ہے کہ 33 ارکان حکومت کے خلاف ہوچکے ہیں اور یہ تعداد بڑھ بھی سکتی ہے۔گزشتہ روز پی ٹی آئی کے 2 ارکان قومی اسمبلی کی قیادت میں پارٹی کارکنوں نے سندھ ہاس اسلام آباد پر دھاوا بول دیا تھا۔