اسلام آباد(آئی پی ایس)کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں چار افراد جاں بحق ہو گئے ، اموات کی مجموعی تعداد 30 ہزار 291 ہو گئی ہے۔ جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید639 افراد میں موذی وباء کی تصدیق کردی گئی ۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 639 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 15 لاکھ 16 ہزار789ہو گئی۔این سی او سی کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک بھر میں 36 ہزار241کورونا ٹیسٹ کیے گئے اور مثبت کیسز کی شرح 1.76فیصد رہی۔
سندھ میں کورونا کے کیسز کی تعداد 5 لاکھ 70 ہزار934، خیبر پختونخوا میں 2 لاکھ 17 ہزار 690، پنجاب میں 5 لاکھ 3ہزار 279، اسلام آباد میں ایک لاکھ 34 ہزار 736، بلوچستان میں 35 ہزار 403، آزاد کشمیر میں 43 ہزار 149اور گلگت بلتستان میں 11 ہزار 598 ہو گئی ہے۔
کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 13 ہزار 535 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 8 ہزار 85، خیبر پختونخوا 6 ہزار 294، اسلام آباد ایک ہزار 19، گلگت بلتستان میں 191، بلوچستان میں 377 اور آزاد کشمیر میں 790 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔