اسلام آباد(آئی پی ایس)متحدہ اپوزیشن نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرا دی۔تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کا فیصلہ مسلم لیگ(ن)کے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں کیا گیا تھا۔قومی اسمبلی اجلاس کی ریکوزیشن اور تحریک عدم اعتماد جمع کرانے شاہدہ اخترعلی، مریم اورنگزیب، خواجہ سعد رفیق، شازیہ مری، نوید قمر، رانا ثنااللہ اور ایاز صادق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ پہنچ تھے۔
مسلم لیگ(ن)کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں لیگی قیادت نے تمام ارکان کو ابتدائی طور پر اگلے 20 دن تک اسلام آباد میں قیام کی ہدایت کی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ لیگی قیادت نے اپنے ارکان کو بتایا کہ اگلے 3 ہفتے انتہائی اہم ہیں لہذا اسلام آباد سے غیرحاضری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد پیش کررہے اس میں حکومت کو تاریخی شکست ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن نے دعوی کیا ہے کہ انہوں نے نمبر پورے کر لیے ہیں اور اس وقت ان کے پاس 197 سے 202 اراکین کی حمایت موجود ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن نے تحریک انصاف کے 27 ارکان اور ایک اتحادی جماعت کے اراکین کی حمایت کا بھی دعوی کیا ہے۔