
اسلام آباد ،قائد مسلم لیگ (ن)نوازشریف اور سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلیفونک رابط ہوا ۔ ذرائع کے مطابق نوازشریف کا پارٹی کی سی ای سی میٹنگ سے پہلے فضل الرحمان کو ٹیلی فون ہوا جس میں دونوں رہنماوں نے حکومت مخالف تحریک کو فیصلہ کن بنانے پر مشاورت کی ۔ذرائع کے مطابق نوازشریف نے پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس جلد بلانے کی درخواست کی جس پر مولانا فضل الرحمان نے آئندہ ہفتے اجلاس بلانے کا عندیہ دے دیا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنمائوں کے مابین اپوزیشن کے مشترکہ لانگ مارچ بارے پیپلز پارٹی کی تجویز پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔نوازشریف نے کہا کہ ن لیگ تنہا پرواز کی بجائے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے کیے گئے فیصلوں کی پابند ہے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اس حکومت کو گھر بھیجنے کے لیے تمام آئینی قانونی و عوامی آپشنز ناگزیر ہیں۔پارلیمنٹ کے اندر چیئرمین سینیٹ ،سپیکر قومی اسمبلی کے خلاف عدم اعتماد کیلئے مشترکہ حکمت عملی پر بھی اتفاق ہوا۔مولانا فضل الرحمان نے نواز شریف کو آصف زرداری سے رابطے پر بھی اعتماد میں لیا۔