
لاہور(آئی پی ایس )سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف کی نئی میڈیکل رپورٹ لاہور ہائی کورٹ میں جمع کروا دی گئی جس میں نواز شریف کو مکمل صحتیاب نہ ہوجانے تک سفر نہ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ واشنگٹن ایڈوینٹسٹ ہیلتھ کیئر وائٹ اوک میڈیکل سینٹر کے انٹروینشنل کارڈیالوجی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فیاض شال نے تیار کی ہے جو امجد پرویز ایڈووکیٹ کی وساطت سے عدالت میں جمع کرائی گئی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کورونا وبا کے سبب سابق وزیر اعظم کو سانس کے مسائل کا سامنا بھی ہو سکتا ہے، وہ دل کے امراض میں بھی مبتلا ہیں اور وائرس کے سبب ان کی جان کو بھی خطرات لاحق ہوسکتے ہیں، لہذا جب تک نواز شریف کی کرونری انجیوگرافی نہیں کی جاتی ان کے لیے تجویز کیا جاتا ہے وہ صحت سینٹر کے قریب ہی رہیں اور ادویات لیتے رہیں۔میڈیکل رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف اپنی ادویات جاری رکھیں اور کھلی جگہ پر چہل قدمی کریں، چہل قدمی کے دوران کورونا سے بچاؤ کے ایس او پیز سمیت دیگر اقدامات بھی کریں، عالمی سطح پر موجود کورونا وائرس کے باعث نواز شریف کو ہر طرح کے سفر یا عوامی مقامات جیسے ہوائی اڈوں پر جانے سے گریز کرنا چاہیے۔رپورٹ میں لکھا گہا ہے کہ انہیں حال ہی میں بتایا گیا کہ نواز شریف نے ذیابیطس قابو کرنے کے لیے دوا شروع کی تھی جس کے نتیجے میں ان کے گردوں کے افعال متاثر ہو ئے، اس لیے ان کی انجیوگرافی سے پہلے اس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، نواز شریف کو بہترین علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔نواز شریف کی نئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ رپورٹ میں سفر نہ کرنے کی سفارش کی گئی تھی، اب بھی وہی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔رپورٹ میں ڈاکٹر فیاض شال نے کہا ہے کہ نواز شریف کی صحت سے متعلق کسی ابہام یا سوال کے حوالے سے ان سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔نواز شریف کی 3 صفحات پر مشتمل طبی رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کروادی گئی ہے جس کے مطابق ڈاکٹرز نے نواز شریف کو سفر کرنے سے روک دیا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کلثوم نواز کی وفات کے بعد نواز شریف زیادہ دبا ؤمیں ہیں، نواز شریف علاج کے بغیر پاکستان گئے تو انکی حالت بگڑ سکتی ہے، ذہنی دبا کے ماحول میں نواز شریف کی بیماری مزید بگڑ سکتی ہے۔رپورٹ کے مطابق نواز شریف اینجیو گرافی کروائے بغیر لندن سے نہ جائیں، نواز شریف ذہنی دبا کے بغیر اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں، اپنی ادویات لیں، کھلی فضا میں چہل قدمی کریں اور چہل قدمی کے دوران کورونا سے بچاو کے اقدامات بھی کریں۔رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ نواز شریف دل کے مریض اور کورونا کے سبب انکی جان بھی جا سکتی ہے، کورونا کے سبب نواز شریف کو سانس کا مسئلہ بھی ہو سکتا ہے، کورونا میں ائیر پورٹس اور پبلک مقامات پر خدشات زیادہ ہیں۔