
بلوچستان میں طوفانی بارشوں کے بعد سیلابی صورت حال، گوادر، تربت، اوماڑہ، چمن، کیچ اور پشین میں کچے مکانات گرگئے جبکہ رابطہ سڑکیں بھی بہہ گئیں۔تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں بارش اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، شدید بارشوں کے نتیجے میںگوادر اور اس سے متصل ضلع کیچ کے متعدد علاقوں میں طوفانی بارشوں نے نظام زندگی درہم برہم کردیا ،گندھاوا اور اطراف کے علاقوں میں شدید بارش سے برساتی نالیابل پڑے۔شدید بارشوں اور طغیانی کے باعث رابطہ سڑکیں شدید متاثر ہیں، مختلف علاقوں کا کوئٹہ سے زمینی رابطہ منقطع ہوچکا ہے، طور پل پر سیلابی ریلہ مسافروں سمیت گاڑی کو بہا لے گیا۔دوسری جانب پہاڑوں پر برفباری کے سبب کوئٹہ چمن شاہراہ کو ہرقسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے، راستوں کی بندش کے باعث ایک ہزار سے زائد مسافر گاڑیاں پھنس گئیں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، محصور مسافروں نے وزیراعلی بلوچستان سے فوری مدد کی اپیل کی ہے۔بلوچستان میں شدید بارشوں اور برف باری کے باعث پیدا ہونے والی صورت حال پر پاک فوج بھی ضلعی انتظامیہ کی مدد میں پیش پیش ہے، پاک فوج کی جانب سے گوادر،پسنی اور تربت میں امدادی سامان پہنچا دیا گیا ہے۔