
اسلام آبا د،پاکستان تحریک انصاف کے ایگزیکٹو اور ایڈوائزری بورڈز کا اعلان کر دیا گیا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو وائس چیئرمین ، اسد عمر کو جنرل سیکرٹری ، فرخ حبیب کو مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور سراج خان کو مرکزی فنانس سیکرٹری مقرر کر دیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات کو وزیراعظم و چیئر مین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے علاوہ صوبوں میں ایگزیکٹو اور ایڈوائزری بورڈز کا اعلان کر دیا ہے، کونسلیں سندھ کے علاوہ وسطی اور جنوبی پنجاب میں الگ الگ تشکیل دی گئی ہیں۔ ایڈوائزری بورڈ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو وائس چیئرمین ، اسد عمر کو جنرل سیکرٹری ، فرخ حبیب کو مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور سراج خان کو مرکزی فنانس سیکرٹری مقرر کر دیا گیا ہے ، سراج خان پہلے بھی سیکرٹری فنانس رہ چکے ہیں اور انہوں نے پارٹی فنڈنگ کو شفاف انداز میں منظم کرنے میں بطور احسن کردار ادا کیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور سیکرٹری جنرل اسد عمر کو پارٹی کے نئے تنظیمی سیٹ اپ کے حوالے سے صوبائی صدور سے رابطہ کرنے کی ہدایت بھی کی۔