اہم خبریںپاکستان

بھارت کی انتہاپسندانہ پالیسیاں علاقائی امن کیلئے خطرہ ہیں ،وزیراعظم

اسلام آباد،وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ ہندوستان میں بر سر اقتدار جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)کی انتہاپسندانہ پالیسیاں علاقائی امن کیلئے خطرہ ہیں، امریکا کو خطے میں امن و استحکام کیلئے کردار ادا کرنا چاہیے، پاکستان خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کو تقویت دینے والے اقدامات کے لیے تیار ہے، بھارت کی طرف سے سازگار ماحول پیدا کیا جائے۔

ہفتہ کو وزیر اعظم عمران خان سے امریکی سینیٹ کے 4 رکنی وفد نے ملاقات کی۔وفد میں سینیٹر اینگس کنگ، رچرڈ بر، جان کارنن اور بینجمن ساس شامل تھے، چاروں سینیٹرز سینیٹ کی سلیکٹ کمیٹی برائے انٹیلی جنس کے رکن ہیں، جبکہ سینیٹر کنگ سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے بھی رکن ہیں۔عمران خان نے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان تعلقات کو تمام شعبوں بالخصوص اقتصادی جہت میں وسعت دینے کے لیے پر عزم ہے، پاک امریکا مضبوط شراکت داری خطے کے امن، سلامتی اور خوشحالی کے لیے اہم ہے۔وزیراعظم نے دہشتگردی سمیت سیکیورٹی خطرات سے نمٹنے کے لیے قریبی تعاون کی اہمیت اجاگر کی اور وفد کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔عمران خان نے کہا کہ ہندوستان میں بر سر اقتدار جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)کی انتہا پسند خارجہ پالیسیاں علاقائی امن اور سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔ امریکا کو خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ وزیراعظم نے کہا کہ امن و استحکام اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لیے گہرا تعلق ہونا چاہیے۔ملاقات میں افغانستان میں بدلتی ہوئی صورتحال کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم نے افغانستان میں انسانی بحران، معاشی تباہی روکنے کے لیے افغان عوام کی مدد پر زور دیا۔عمران خان نے کہا کہ امریکی سینیٹرز نے افغانستان سے امریکی شہریوں اور دیگر افراد کے انخلا میں پاکستان کے تعاون کو سراہا، امریکی سینیٹرز نے مستحکم اور وسیع البنیاد دوطرفہ تعلقات کے عزم کا اعادہ کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker