
اسلام آباد (آئی پی ایس )سی ڈی اے کا وفاقی دارالحکومت میں تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف گرینڈ آپریشن۔ متعدد غیرقانونی تعمیرات مسمار۔ تجاوزات کنندگان کا 3 ٹرک سامان ضبط، سی ڈی اے کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے جمعرات کے روز سیکٹر I-14، جھنگی سیداں، IJP روڈ، 26 نمبر چونگی، لہتراڑ روڈ اور کھنہ پل میں تجاوزات کے خلاف کارروائیاں کی۔ تفصیلات کیمطابق سی ڈی اے انتظامیہ کی ہدایت پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے سیکٹر I-14 میں سرکاری اراضی پر بننے والی 2 دوکانیں مسمار کر دیں جبکہ 2 بلڈنگ مٹیریل فروخت کرنے کے اڈے بھی بھاری مشینری کی مدد سے ختم کئے گئے۔ اسی طرح IJP روڈ پر بنائے گئے 4 غیر قانونی واش رومز اور 10 بلڈنگ فروخت کرنے کے اڈے بھاری مشینری کی مدد سے ختم کر دئیے۔ بعدازاں جھنگی سیداں اور 26 نمبر چونگی میں روڈ کنارے لگے ہوئے غیر قانونی اسٹالز کے خلاف آپریشن کے دوران درجنوں اسٹالز بھاری مشینری کی مدد سے ختم کئے گئے۔ علاوہ ازیں کھنہ پل اور لہتراڑ روڈ کے اطراف قائم تجاوزات کے خلاف بھی بھر پور کارروائیاں کرتے ہوئے تجاوزات کنندگان کا 3 ٹرک سامان ضبط کیا گیا۔