
وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اورعمران خان پانچ سال پورے کریں گے،میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں اور ہمیشہ رہوں گا،مذاکرات میں حامی ہوں سب سے مذاکرات ہونے چاہئیں، ٹی ایل پی کے ساتھ پہلے معاہدے میں شامل تھا۔وزیرداخلہ شیخ رشید نے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فارویمن ڈھوک منگٹال راولپنڈی میں ڈاکٹر عبدالقدیرخان ہال کا افتتاح کردیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ خواہش تھی ہرعلاقے میں لڑکیاں تعلیم حاصل کریں،مختصرعرصے کے دوران خواتین کے3کالجزبنائے ہیں،راولپنڈی میں لڑکیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دی ہے۔وزیرداخلہ نے کہا کہ جب فاطمہ جناح یونیورسٹی بنائی تو مجھے استعفیٰ دینا پڑا،مستحق اور ہونہارطالبات کے تعلیمی اخراجات برداشت کریں گے،7تعلیمی ادارے اور 3یونیورسٹیاں بنائیں ہیں۔وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا کہ ملکی ترقی کیلئے تعلیم کا فروغ ضروری ہے،بیرون ملک تعلیم کیلئے بچیوں کومعاوضہ دیاجائیگا،پاکستان کی آبادی بڑھتی جارہی ہے،دنیا کی کوئی طاقت ہمیں شکست نہیں دے سکتی۔شیخ رشید نے کہا کہ مشترکہ اجلاس موخرہوگیا تو اچھی بات ہے،افغانستان میں لوگ بھوک سے مررہے ہیں،ہمیں افغانوں کی مدد کرنی ہوگی،افغانستان کے اثرات براہ راست پاکستان پرپڑتے ہیں۔وزیرداخلہ نے پاکستان تحریک لبیک کے ساتھ ہونے والے معاہدے سے لاعلمی کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ ٹی ایل پی کے ساتھ پہلے معاہدے میں شامل تھا تاہم اب جومعاہدہ ہوا ہے اس کا علم نہیں، خون خرابے کا حامی نہیں مذاکرات ہونے چاہئیں۔شیخ رشید نے مزید کہا کہ سعدرضوی کومنع کیاتھاکہ مجھے مذاکرات میں شامل نہ کریں،اللہ تعالی کا شکر ہے کہ اب اس معاملے میں شامل نہیں ہوں،جب لفافہ کھلے گاتو سب سامنے آجائیگا۔شیخ رشید نے آئی سی سی ٹی 20ورلڈ کپ پربات کرتے ہوئے کہا کہ دعاہے پاکستان آسٹریلیا کو شکست دیکرفائنل میں جائے،میرافائنل تواس دن ہوگیاتھاجب بھارت کوہرایا تھا۔شیخ رشید نے مزید کہا کہ موسم بدلتے ہیں توسیاست میں جان آتی ہے، اگلے تین ماہ بہت اہم ہیں مگر کچھ نہیں ہونے جارہا،اپوزیشن ساڑھے3سال سے ٹی وی میں پھنسی ہوئی ہے۔