
فیس بک انتظامیہ کی جانب سے بنائے جانے والے نئے قوائد سے اب گروپس ایڈمنز کو بھی کمانے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔ایک رپورٹ کے مطابق فیس بک نے مونیٹائزیشن کے نام سے ایک ٹول متعارف کرایا ہے جس کی مدد سے گروپ ایڈمن اشتہارات کے ذریعے کمائی کو یقینی بنا سکیں گے۔فیس بک گروپ ایڈمن کی جانب سے شمولیت اختیار کرنے والے صارفین کے لیے ماہانہ، سالانہ یا ایک بار فیس مقرر کی جائے گی، جوائن کرنے کے لیے صارف کو پیسے ادا کرنا ہوں گے جو سسٹم کے تحت ایڈمنز میں برابر تقسیم ہوں گے۔علاوہ ازیں فیس بک نے گروپس میں کمیونٹی شاپس کا ٹول بھی شامل کرنے کا اعلان کیا، جس کی مدد سے ایڈمنز مختلف اشیا فروخت کرسکیں گے یا وہ کسی پروجیکٹ کے حوالے سے پیسے جمع کرسکیں گے۔فیس بک کی جانب سے اعلان میں بتایا گیا کہ نئے ٹولز کے ذریعے گروپ ایڈمنز نہ صرف مخصوص فیچرز کو استعمال کر سکیں گے بلکہ اس کے ذریعے اپنی کیمونٹی کو بھی مزید متحرک بنا سکیں گے۔فیس بک کے مطابق مستقبل میں ایڈمنز گروپ میں شامل صارفین کوانسائٹ فل، اپ لفٹنگ یا فن جیسے کیمونٹی ایوارڈز بھی دے سکیں گے، یہ ایوارڈز انگیجمنٹ بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ پوسٹ کو مزید نمایاں کریں گے۔خیال رہے کہ فیس بک انتظامیہ کی جانب سے یہ فیچر فی الحال آزمائشی طور پر متعارف کرایا گیا ہے ۔