اہم خبریںپاکستان

مذاکرات واحد آپشن ،ملک میں خون خرابہ نہیں چاہتے، وزیراعظم

اسلام آباد،وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی)سے مذاکرات ہی مسئلے کا واحد حل تھا، ملک میں خون خرابہ بالکل نہیں چاہتا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی)کے دھرنے سمیت اہم امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم نے کور کمیٹی ارکان کو کالعدم تنظیم سے مزاکرات پر اعتماد میں لیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی صدارت میں اجلاس کے دوران پارٹی کی تنظیم نو کے معاملے پر مشاورت کی گئی اور پارٹی رہنمائو ں کو عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ۔ذرائع کے مطابق عمران خان نے عوام کیلئے ریلیف پیکیج پر بھی اعتماد میں لیا، وزیر اعظم نے پارٹی امور پر ارکان سے مشاورت کی، اجلاس میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔ لاہور کے حلقہ 133 میں ضمنی انتخاب پر بھی مشاورت کی گئی۔اجلاس کے دوران وزیراعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں ملک میں خون خرابہ بالکل نہیں چاہتا، ہمیشہ مسائل کو بات چیت اور مذاکرات سے حل کرنے کی کوشش کی ہے، کبھی بھی طاقت کے استعمال اور انشار کا حامی نہیں رہا، بد امنی کا کسی کو فائدہ نہیں ہو گا، حالیہ صورتحال کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کی کوشش کی ہے، مذاکرات ہی مسلے کا واحد حل تھے۔انہوں نے کہا کہ رحمت اللعالمین اتھارٹی بنائی ہے، اتھارٹی توہین رسالت کے سدباب کے لیے اقدامات کرے گی۔ بلدیاتی انتخابات میں ٹکٹس میرٹ پر دیے جائیں گے، پارٹی رہنما آج سے ہی بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں شروع کریں۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں معاشی ٹیم نے بریفنگ دی۔ وزیراعظم کو بین الاقوامی مارکیٹ میں مہنگائی اور بڑھتی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پربریفنگ دی گئی۔اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھاکہ حکومت نے کورونا وبا سے نمٹنے کیلئے مثالی اقدامات کیے اور حکومت اشیائے خوردونوش اورپیٹرولیم کی قیمتیں کم رکھنے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ان کا کہنا تھاکہ معاشی ترقی کیلئے اہم میکرو اکنامک اعشاریوں کے استحکام پربھرپور توجہ مرکوز ہے۔وزیراعظم نے عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے ہرممکن اقدامات پرعملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔دوسری طرف وزیراعظم عمران خان سے معروف صنعت کار عقیل کریم ڈھیڈی نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران ملکی معاشی صورتحال پر گفتگو کی گئی، اس ملاقات میں وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے خزانہ شوکت ترین بھی موجود تھے۔وزیر اعظم نے بڑے پیمانے پر مینوفیکچرنگ سیکٹر میں ترقی کی اہمیت پر زور دیا جبکہ عقیل کریم ڈھیڈی نے ملک میں معاشی بحالی کے لیے حکومتی اقدامات کو سراہا۔ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملک میں دیر پا معاشی استحکام کے لئے کوشاں ہیں، کورونا کے باوجود ملک میں اقتصادی اصلاحات کامیاب رہی، معاشی اصلاحات کے نتیجے میں ملک بھی معاشی بہتری آرہی ہے۔دوسری طرف وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں مہنگائی اور خیبر پختونخوا و پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے دو بنیادی ایجنڈوں پر بات ہوئی، وزیراعظم ایک دو روز میں مہنگائی کے حوالے سے ایک بڑے پیکیج کا اعلان کریں گے جس کے نتیجے میں ایک کروڑ سے زائد آبادی مستفید ہوگی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمیں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ پر تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم توانائی کے بحران سے نمٹنے کی حکمت عملی اختیار کر رہے ہیں۔ پنجاب میں مقامی حکومتوں کے انتخابات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مقامی حکومتوں کے انتخابات براہ راست ہوں گے، وزیراعظم اور کور کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ پنجاب میں شہروں اور اضلاع کے میئرز کے انتخابات براہ راست ہوں گے، وزیراعظم نے پہلے دن سے ڈائریکٹ ڈیموکریسی کا وعدہ کیا تھا، اس ضمن میں تیاری حتمی مراحل میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے پوری پارٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقامی حکومتوں کے انتخابات کے لئے متحرک ہوں، پنجاب کے اضلاع میں نامزدگی کا سلسلہ شروع کر رہے ہیں، اسی طرح خیبر پختونخوا میں مقامی حکومتوں کے انتخابات کے لئے مہم شروع ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے اعظم سواتی اور میرے اوپر نوٹس زیادتی پر مبنی ہے جسے فوری واپس ہونا چاہئے۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اعظم سواتی اور چوہدری فواد حسین کو الیکشن کمیشن کی جانب سے نوٹس پر پوری کور کمیٹی نے تشویش ظاہر کی ہے، جمہوری ملکوں میں جمہوری رویئے اس طرح نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ایک دو روز میں قوم کو اقتصادی صورتحال پر اعتماد میں لیں گے اور مہنگائی کے حوالے سے پیکیج کا اعلان کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker