
اسلام آباد (آئی پی ایس) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی(پیمرا) نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان(ٹی ایل پی) کی میڈیا کوریج پر پابندی عائد لگادی۔ جمعرات کو پیمرا کی جانب سے جاری اعلامیے میں وزارت داخلہ کے 15اپریل 221 کے اعلامیے کا حوالہ دیا گیا جس میں تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم قرار دیا گیا تھا۔ اس حوالے سے کہا گیا کہ پیمرا کے ٹیلی ویژن براڈکاسٹ اسٹیشن آپریشن ریگولیشن 2012 اور الیکٹرانک میڈیا کے ضابطہ اخلاق 2015 کی شق 16 کے تحت تمام پروگراموں کو ملک کے قوانین پر عمل کرنا چاہیے۔ پیمرا کا کہنا ہےکہ الیکٹرانک میڈیا کے ضابطہ اخلاق کی شق 3(3) کے تحت کالعدم تنظیموں کی نشریات پر پابندی عائد ہے۔ میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ پیمرا آرڈیننس 2002 کی دفعہ 27 کے تحت درج اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ہدایات جاری کی جاتی ہیں کہ کالعدم تحریک لبیک پاکستان کی میڈیا کوریج روک دی جائے۔