اسلام آباد(آئی پی ایس )کامیاب جوان پروگرام کیلئے ایک اور اعزاز،ورلڈ بینک کے بعد یورپی یونین کا بھی پاکستان سے تعاون کا اعلان،پاکستانی نوجوانوں کیلئے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کا بھی عندیہ دے دیا۔تفصیلات کے مطابق سربراہ کامیاب جوان پروگرام عثمان ڈار سے یورپی یونین کی سفیر اینڈرولا کامینرا کی ملاقات ہوئی ۔منصوبے کی تین بنیادی ترجیحات روزگار، تعلیم اور تکنیکی تربیت پر بریفنگ دی گئی ۔لون اسکیم اور ہنرمند پاکستان پروگرام کے اعداد و شمار سے بھی آگاہ کیا۔یورپی یونین نے کامیاب جوان پروگرام کی شفافیت اور میرٹ پر اعتماد کا اظہار کیا۔سفیر اینڈرولا کامینرا نے کہا کہ یورپی یونین ٹیکنیکل اور ووکیشنل ایجوکیشن کے معیار کو بہتر بنانے میں سرگرمِ عمل ہے، پاکستان کے ساتھ مل کر کامیاب جوان پروگرام کو آگے بڑھانے کیلئے تیار ہیں۔سربراہ کامیاب جوان پروگرام عثمان ڈار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک کے نوجوانوں کو ہنر کی طاقت سے آراستہ دیکھنا چاہتے ہیں، کامیاب جوان پروگرام وزیراعظم پاکستان کے دل سے قریب تر ہے۔انہوں نے کہا کہ مثبت نتائج حاصل کرنے کے لئے یورپی یونین کی تکنیکی معاونت اور رہنمائی مددگار ثابت ہوگی۔سفیر یورپی یونین نے کہا کہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق نوجوانوں کو مزید سہولیات سے آراستہ کر سکتے ہیں، باہمی اشتراک کے لئے دونوں جانب سے تکنیکی ٹیمیں آپس میں مشاورت کریں گی۔سفیر اینڈرولا کامینرا کا کہنا تھا کہ آئندہ ماہ ملاقات میں ممکنہ تعاون پر تفصیلی روڈ میپ تیار کیا جائیگا۔