
اسلام آ باد :وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی چین کے تھیان گونگ خلائی اسٹیشن میں قدم رکھنے والے پہلے غیر ملکی خلاباز ہیں جو پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ سفر محض ایک خلاباز کا سفر نہیں ہے؛ بلکہ یہ 240 ملین پاکستانیوں کا اور پاکستان کی نوجوان نسل، سائنس دانوں اور پوری قوم کے خواب کا سفر ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کو اس تاریخی مشن میں شامل کرنے پر برادر ملک چین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان خلائی تحقیق اور جدید سائنس کے میدان میں نئی بلندیوں کی جانب گامزن ہے۔پاکستان کے وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات، احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان زمینی سطح پر پہلے ہی ایک مضبوط شراکت داری قائم ہے اور یہ خلائی مشن دونوں ممالک کی دوستی کو ایک بے مثال سطح پر لے جائے گا۔ چین میں پاکستان کے سفیر، سید علی اسد گیلانی نے کہا کہ بیرونی خلا کے پرامن استعمال کے حوالے سے دونوں ممالک کے موقف نے نہ صرف ان کے اپنے عوام بلکہ پوری انسانیت کو امید دی ہے ۔ 24 نومبر کو چائنا میڈیا گروپ کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستان کی خلائی ایجنسی ’سپارکو‘میں موسمیاتی اور خلائی امور کے ڈپٹی ڈائریکٹر، محمد فاروق نے اس مشن کو دوطرفہ تعاون کی ایک اور اہم کامیابی قرار دیا اور پاکستان کی خلائی کوششوں میں مزید پیش رفت کی امید ظاہر کی۔ رواں سال پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی پچھترویں سالگرہ منائی جا رہی ہے ۔ شینزو-24 مشن میں ایک پاکستانی خلاباز جو چین کے خلائی اسٹیشن کےپہلے غیر ملکی خلا باز بھی ہیں کی شرکت ، دونوں ممالک کی لازوال دوستی میں ایک تاریخی سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔





