
دبئی: ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی20 کے پانچویں سیزن کا آغاز ہوگیا، جس میں دنیا بھر کے نامور کرکٹرز ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ ایونٹ کے موقع پر چھوں فرنچائزز کے نمایاں کھلاڑی دبئی میں جمع ہوئے، جہاں انہوں نے ٹورنامنٹ کے حوالے سے اپنی توقعات اور عزائم کا اظہار کیا۔
ابوظہبی نائٹ رائیڈرز کے نیوزی لینڈ کے بلے باز کولن منرو نے کہا کہ لیگ مسلسل ترقی کر رہی ہے اور ان کی ٹیم ٹائٹل جیتنے کے لیے پرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات میں عالمی معیار کے کھلاڑیوں کی موجودگی شائقین کے لیے بہترین موقع ہے۔دفاعی چیمپئن ڈیزرٹ وائپرز کے انگلش فاسٹ بولر ڈیوڈ پین نے کہا کہ ٹیم مضبوط کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور شاداب خان کو کپتان مقرر کرنا اچھا فیصلہ ہے۔ انہوں نے بابر اعظم اور ٹام کرن جیسے عالمی معیار کے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے پر خوشی کا اظہار کیا۔دبئی کیپیٹلز کے فاف ڈوپلیسی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں کرکٹ کے لیے بہترین سہولیات موجود ہیں اور لیگ کا معیار بھی بلند ہے۔
گلف جائنٹس کے کپتان ہینرک کلاسن نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کا بہترین موقع ملے گا۔ایم آئی ایمریٹس کے افغان اسٹار راشد خان نے کہا کہ لیگ کے آغاز سے متحدہ عرب امارات کی کرکٹ میں نمایاں ترقی ہوئی ہے اور نوجوان کھلاڑیوں کو عالمی اسٹارز کے ساتھ کھیلنے اور ان سے سیکھنے کے مواقع مل رہے ہیں۔ شارجہ واریئرز کے کپتان سکندر رضا نے ایسوسی ایٹ ممالک کے کھلاڑیوں کی شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نئے ٹیلنٹ کو آگے آنے کا موقع ملے گا۔اس سیزن میں بابر اعظم، سنیل نارائن، نکولس پورن، جونی بیئرسٹو، فل سالٹ، مارکس اسٹوئنس، ڈیوڈ ملر اور لیام لیونگ اسٹون سمیت کئی عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی میدان میں اتریں گے۔
ٹورنامنٹ کے 34 میچز کے لیے کمنٹری پینل میں بریٹ لی، نوجوت سنگھ سدھو اور رابن اتھپا پہلی مرتبہ شامل ہوئے ہیں، جبکہ وسیم اکرم، وقار یونس، شعیب اختر اور ایان بشپ بھی اپنی خدمات انجام دیں گے۔ایونٹ کے میچز دنیا بھر میں مختلف ٹی وی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر نشر کیے جائیں گے، جن میں بھارت کے یونائیٹ 8 اسپورٹس، زی5، زی زیسٹ اور فین کوڈ جبکہ برطانیہ کے ٹی این ٹی اور ایچ بی او شامل ہیں۔





