پاکستانتازہ ترین

پاکستان اور قازقستان کا تجارتی و معاشی تعلقات کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق

اسلام آباد: قازقستان کے سفارتخانے کے زیر اہتمام پاکستان اور قازقستان کے درمیان تجارتی و کاروباری تعلقات کے فروغ کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں دونوں ممالک کی اہم کاروباری شخصیات اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری کے مواقع، معاشی تعاون اور نجی شعبوں کے درمیان روابط مضبوط بنانے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) عاطف اکرام شیخ، وزیراعظم کے معاون خصوصی سردار یاسر الیاس اور قازقستان کے سفیر سمیت دونوں ممالک کی کاروباری شخصیات شریک ہوئیں۔ اجلاس کے دوران پاکستان اور قازقستان نے باہمی تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے مشترکہ اقدامات کرنے پر اتفاق کیا۔

اس موقع پر صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان اور قازقستان کا کاروباری اجلاس دونوں ممالک کے دوطرفہ تجارتی تعلقات کو نئی جہت دینے کا اہم موقع ہے۔ ایف پی سی سی آئی دونوں ممالک کے قریبی دوستانہ تعلقات کو مضبوط تجارتی اور معاشی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ قازقستان وسطی ایشیا کی ایک بڑی منڈی اور توانائی کے وسیع ذخائر کا حامل ملک ہے، جبکہ پاکستان اور قازقستان کو روایتی تجارت سے آگے بڑھ کر ایک دوسرے کی معاشی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرنا چاہیے۔ دونوں ممالک کے پاس معدنیات کے وسیع ذخائر موجود ہیں، جن سے فائدہ اٹھانے کے لیے نجی شعبے کو باہمی تعاون اور مشترکہ منصوبوں پر توجہ دینی چاہیے۔

عاطف اکرام شیخ نے مزید کہا کہ ایف پی سی سی آئی دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے درمیان روابط مضبوط بنانے، سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے اور مشترکہ کاروباری منصوبوں کے آغاز کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قازقستان کے سفیر نے کہا کہ پاکستان اور قازقستان کے تعلقات مشترکہ تاریخ، مذہب، ثقافت اور اقدار پر مبنی ہیں۔ گزشتہ 25 برسوں کے دوران دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

قازق سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت باہمی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے کوشاں ہے۔ پاکستان اور قازقستان کے نجی شعبوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور کاروباری تعاون کو عملی شکل دینے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں اضافے، سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری برادری کے روابط کو مستحکم بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker