
بنوں: بنوں میں کنگر پل پولیس چوکی پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا، پولیس کی جوابی کارروائی میں 4 خوارج مارے گئے۔
پولیس نے کہا کہ بنوں پولیس کی بروقت کارروائی سے دہشت گردوں کا حملہ پسپا کر دیا گیا، خوارج نے نصف شب کنگر پل پولیس چوکی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی۔
حکام کے مطابق چوکی پر تعینات چوکس پولیس اہلکاروں نے حملے کا مؤثر جواب دیا، حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کے تازہ دم دستے موقع پر پہنچ گئے۔
پولیس کے مطابق کوئیک رسپانس فورس اور سی ٹی ڈی نے علاقے میں کلیئرنس آپریشن کیا جس کے دوران 4 خوارج کی لاشیں برآمد ہوئیں، ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کیے گئے، ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے بنوں پولیس کو بروقت کارروائی پر شاباش دی اور کہا کہ رات کی تاریکی میں حملہ پسپا کرنا پولیس جوانوں کی اعلی تربیت اور بہادری کا ثبوت ہے، دہشت گردوں کے لیے خیبرپختونخوا کی سرزمین پر کوئی جگہ نہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بنوں میں پولیس چوکی پر خوارجیوں کا حملہ ناکام بنانے پر پولیس اور سی ٹی ڈی کی ستائش کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس اور سی ٹی ڈی کے جوانوں نے جرات کے ساتھ خوارج کا حملہ ناکام بنایا، خیبرپختونخوا پولیس اور سی ٹی ڈی کے بہادر سپوتوں پر ناز ہے۔





