پاکستان

راولپنڈی پولیس کا روپ دھار کر شہری عشرت علی کو اسلام آباد سے اغوا کرنے کا انکشاف، دو کروڑ روپے تاوان طلب

تھانہ وارث خان کے اہلکار ظاہر کرنے والے مبینہ اغوا کار شہری عشرت علی کو بارہ کہو سے اٹھا کر دور دراز علاقوں میں لے گئے، مقدمہ درج نہ ہونے پر پولیس کی کارکردگی پر سوالات اٹھنے لگے

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں راولپنڈی پولیس کا روپ دھار کر شہری عشرت علی کو مبینہ طور پر اغوا کرنے اور دو کروڑ روپے تاوان طلب کرنے کا سنگین واقعہ سامنے آیا ہے۔ مغوی و مدعی عشرت علی کے مطابق اغوا کاروں نے خود کو راولپنڈی کے تھانہ وارث خان کا پولیس اہلکار ظاہر کیا اور اپنی پرائیویٹ گاڑی ٹویوٹا نمبر (LE-13-9961) میں انہیں کرنل امان اللہ روڈ، بارہ کہو اسلام آباد سے زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔

مدعی عشرت علی کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ 4 نومبر بروز بدھ رات تقریباً 8 بجے پیش آیا، جس میں مبینہ اغوا کاروں کی قیادت فیضان مجید اور محمد شیراز کر رہے تھے۔ ملزمان مبینہ طور پر مغوی عشرت علی کو رات کے اندھیرے میں اسلام آباد کے دور دراز دیہی علاقوں میں لے گئے، جہاں ان سے دو کروڑ روپے ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا اور رقم نہ دینے کی صورت میں ہاف فرائی کرنے کی دھمکیاں دی گئیں۔

مدعی عشرت علی کے مطابق تاوان کی رقم ادا کرنے سے انکار پر انہیں مختلف مقدمات میں پھنسانے کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔ مبینہ اغوا کار انہیں تھانہ بھارہ کہو کے سامنے بھی لے گئے، جہاں وہ کئی گھنٹوں تک تھانے کے اندر اور باہر آتے جاتے رہے۔ بعدازاں مغوی عشرت علی کو مری ایکسپریس وے پر بارہ کہو مین اڈے کے قریب چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

مدعی عشرت علی کا دعویٰ ہے کہ مبینہ واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی ٹویوٹا نمبر LE-13-9961 فیضان مجید کی ملکیت ہے، جسے دوسرے مبینہ ملزم محمد شیراز نے سپرداری پر حاصل کر رکھا تھا۔ واقعے کے بعد کئی روز گزرنے اور باقاعدہ تحریری درخواست جمع کرائے جانے کے باوجود تاحال مقدمہ درج نہ ہونے اور کسی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہ آنے پر مغوی عشرت علی نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

مدعی عشرت علی کے مطابق واقعے کے حوالے سے تاحال متعلقہ پولیس کی جانب سے مبینہ ملزمان کی نقل و حرکت، تھانہ بھارہ کہو کے اندر اور باہر آمدورفت اور گاڑی کی مختلف مقامات پر موجودگی کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل نہیں کی گئی۔ ان کا کہنا ہے کہ مبینہ اغوا کار گاڑی کو مری ایکسپریس وے اور سمبلی ڈیم کے علاقوں میں بھی لے کر گئے تھے، لہٰذا ان مقامات کی فوٹیج اور دیگر تکنیکی شواہد فوری طور پر محفوظ کیے جائیں تاکہ تحقیقات میں کوئی اہم ثبوت ضائع نہ ہو۔

مدعی عشرت علی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ تاخیر کے باعث مبینہ ملزمان کی آمدورفت کا ریکارڈ اور سی سی ٹی وی فوٹیج ضائع یا تلف ہو سکتی ہے۔ انہوں نے اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر مقدمہ درج کرکے ملزمان کو گرفتار کیا جائے اور تمام متعلقہ مقامات کی سی سی ٹی وی فوٹیج، تھانے کے وزیٹر ریکارڈ اور گاڑی کی نقل و حرکت کا ڈیٹا حاصل کرکے شفاف تحقیقات کی جائیں۔

مدعی عشرت علی نے مزید الزام عائد کیا ہے کہ مبینہ اغوا کاروں کو راولپنڈی پولیس کے بعض اہلکاروں اور مبینہ کارِ خاص کی سرپرستی حاصل ہونے کا شبہ ہے، جس کی غیر جانب دارانہ تحقیقات ضروری ہیں۔ ان کے مطابق ملزمان کا تعلق راولپنڈی سے ہے اور وہ مبینہ طور پر پولیس اہلکاروں کی معاونت سے اغوا، بھتہ خوری اور سودی لین دین کے نیٹ ورک میں سرگرم ہیں۔ تاہم ان الزامات کی آزادانہ تحقیقات اور متعلقہ حکام کا مؤقف سامنے آنا ضروری ہے۔

راولپنڈی پولیس کا روپ دھار کر وفاقی دارالحکومت سے شہری عشرت علی کو مبینہ طور پر اغوا کرنا نہ صرف شہریوں کے تحفظ بلکہ دونوں جڑواں شہروں کی پولیس کے درمیان رابطہ کاری اور پولیس کی شناخت کے نظام سے متعلق بھی اہم سوالات کو جنم دیتا ہے۔ شہری حلقوں اور متاثرہ فریق نے اسلام آباد پولیس کے اعلیٰ حکام، آئی جی اسلام آباد اور سی پی او راولپنڈی سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، مبینہ ملزمان اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور مغوی و مدعی عشرت علی کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker