
فتح جنگ: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن اور کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر اٹک اور اسسٹنٹ کمشنر فتح جنگ کی ہدایات کی روشنی میں تحصیلدار و اسپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹ فتح جنگ چوہدری شفقت محمود کی جانب سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پرائس کنٹرول کارروائیاں جاری ہیں۔
اس سلسلے میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹ و تحصیلدار فتح جنگ چوہدری شفقت محمود نے کھوڑ روڈ، اٹک روڈ، نیو اڈہ فتح جنگ اور مین فتح جنگ بازار کا دورہ کرکے مختلف کاروباری مراکز اور دکانوں کی چیکنگ کی۔ دورانِ کارروائی ہوٹلوں، سبزی و فروٹ فروشوں، چکن، مٹن اور بیف فروشوں کے نرخوں اور دیگر معاملات کا جائزہ لیا گیا۔
حکام کے مطابق خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کو جرمانے عائد کیے گئے جبکہ بعض کو وارننگ جاری کرتے ہوئے مقررہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فروخت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ چوہدری شفقت محمود نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ سرکاری نرخ نامہ نمایاں جگہ پر آویزاں کیا جائے اور عوام سے مقررہ نرخوں سے زائد وصولی ہرگز نہ کی جائے۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ عوام کو اشیائے ضروریہ کی مناسب نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کے لیے پرائس کنٹرول کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔





