
قطر، اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا، جس میں برطانوی حکومت کے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا گیا کہ وہ مغربی کنارے میں قائم غیر قانونی اسرائیلی بستیوں سے درآمد کیے جانے والے سامان پر پابندی عائد کرے گی اور برطانوی کمپنیوں کے لیے بستیوں کو کچھ خدمات فراہم کرنے کو بھی محدود کرے گی۔
آٹھ ممالک نے کینیڈا، ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، آئس لینڈ، آئرلینڈ، ناروے، پولینڈ، پرتگال، اسپین، سویڈن اور برطانیہ کے "دو ریاستی حل” کے بارے میں مشترکہ بیان کا بھی خیرمقدم کیا۔
مذکورہ آٹھ ممالک نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی کوششیں جاری رکھے اور ٹھوس اقدامات کرے تاکہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی غیر قانونی بستیوں کی سرگرمیوں کی حمایت کے عمل کو روکا جا سکے۔ ان ممالک نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ قبضے میں لی گئی فلسطینی سرزمین کی جغرافیائی اور آبادیاتی خصوصیات کو تبدیل کرنے کے مقصد سے کی جانے والی تمام سرگرمیوں بشمول بستیوں سے متعلق اقدامات کو واپس لے۔بیان میں اس بات کا بھی اعادہ کیا گیا ہے کہ منصفانہ، پائیدار اور جامع امن کے حصول کا واحد قابل عمل راستہ "دو ریاستی حل” پر عمل درآمد ہے۔





