بین الاقوامیٹاپ سٹوری

اسلحے کی قلت پر ٹرمپ وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ پر برہم ہو گئے، واشنگٹن پوسٹ کا بڑا دعویٰ

واشنگٹن: امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے کیمپ ڈیوڈ میں ہونے والے کابینہ اجلاس کے دوران وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ سے امریکی فوج کے اسلحے اور میزائلوں کے ذخائر میں کمی پر سخت سوالات کیے۔
رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ اس بات پر حیران تھے کہ اہم ہتھیاروں، خصوصاً طویل فاصلے تک مار کرنے والے گائیڈڈ میزائلوں اور فضائی دفاعی نظام کے لیے استعمال ہونے والے انٹرسیپٹر میزائلوں کی قلت اب بھی برقرار ہے حالانکہ انہیں پہلے بتایا گیا تھا کہ یہ مسئلہ حل ہو چکا ہے۔
واشنگٹن پوسٹ نے دو باخبر ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ صدر ٹرمپ نے اجلاس میں اس معاملے پر وضاحت طلب کی اور جاننا چاہا کہ اسلحے کی قلت کیوں ختم نہیں ہو سکی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسی صورتحال نے حالیہ دنوں میں ایران کے خلاف مزید بڑے فوجی حملے نہ کرنے کے فیصلے پر بھی اثر ڈالا، کیونکہ محدود اسلحہ ذخائر امریکی فوجی آپشنز کو متاثر کر رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق امریکی فوج کو خاص طور پر جدید گائیڈڈ میزائلوں اور فضائی دفاعی نظام کے لیے درکار اہم ہتھیاروں کی دستیابی کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہے۔
تاہم اس رپورٹ کے بعد وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ پہلے ہی ایسے دعوؤں کی تردید کر چکی ہیں کہ صدر ٹرمپ اور وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کے درمیان ایران سے متعلق پالیسی پر کسی قسم کا اختلاف یا تلخ کلامی ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ وزیر دفاع کی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور ایسی رپورٹس جعلی خبریں ہیں۔

یہ رپورٹ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران کے ساتھ کشیدگی، امریکی فوجی تیاریوں اور ہتھیاروں کے ذخائر سے متعلق مختلف دعوے امریکی میڈیا اور حکومتی حلقوں میں زیر بحث ہیں۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker