
اسلام آباد(آئی پی ایس )صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان اور دبئی ہر شعبے کے ساتھی اور بہترین کاروباری شراکت دار ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے وسیع تر امکانات ہیں جن میں زراعت،ڈیویلپمنٹ،توانائی، سیاحت سمیت دیگر شامل ہیں، پاکستان اور دبئی لاجسٹک کے شعبے میں تعاون کو فروغ دے کر باہمی تجارت کو کئی گنا بڑھا سکتے ہیں۔
وہ پیر کو ایف پی سی سی آئی کی میزبانی میں منعقدہ پاکستان اور دبئی کے درمیان کاروباری تعاون کے حوالے سے رائونڈ ٹیبل ڈائیلاگ سے خطاب کر رہے تھے۔ ڈائیلاگ سیشن میں دبئی چیمبر آف کامرس کے اعلی سطح وفد اور پاکستان کی بزنس کمیونٹی کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے دبئی میں پاکستانی تاجروں اور سرمایہ کاروں کو درپیش ویزہ مسائل کی جانب بھی توجہ دلائی اور کہا کہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے ویزہ کے اجرا کے عمل کو مزید آسان، شفاف اور تیز بنایا جائے، بزنس ویزہ کی سہولت میں بہتری سے تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت اور صنعتی تعاون کو نمایاں فروغ ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور دبئی ہر شعبے کے ساتھی اور بہترین کاروباری شراکت دار ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے وسیع تر امکانات ہیں جن میں زراعت،ڈیویلپمنٹ،توانائی، سیاحت سمیت دیگر شامل ہیں، پاکستان اور دبئی لاجسٹک کے شعبے میں تعاون کو فروغ دے کر باہمی تجارت کو کئی گنا بڑھا سکتے ہیں، پاکستان اور دبئی کی بزنس کمیونٹی باہمی تعاون کو مزید بڑھانے اور پرائیویٹ پارٹنر شپ کیلئے پرعزم ہے،دونوں ممالک کے درمیان بزنس ٹو بزنس روابط کو مزید فعال بنانے کیلئے مشترکہ اقدامات کیے جائیں۔




