پاکستانٹاپ سٹوری

وفاقی حکومت کا کفایت شعاری اقدامات جاری رکھنے کا فیصلہ

اسلام آباد: (آئی پی ایس) وفاقی حکومت نے سرکاری اخراجات پر قابو پانے کے لیے رواں مالی سال بھی کفایت شعاری کے اقدامات جاری رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے کفایت شعاری اقدامات میں توسیع کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد کابینہ ڈویژن نے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے وزارت خزانہ کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔

فیصلے کے تحت گزشتہ تین سال سے خالی تمام آسامیوں کو ختم کر دیا جائے گا، جبکہ نئی آسامیوں کی تخلیق پر بھی پابندی برقرار رہے گی۔ اسی طرح رواں مالی سال کے دوران ہر قسم کی سرکاری گاڑیوں کی خریداری کی اجازت نہیں ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مشینری اور آلات کی خریداری پر عائد پابندی بھی برقرار رکھی گئی ہے۔ علاوہ ازیں سرکاری خرچ پر بیرون ملک علاج اور غیر ضروری غیر ملکی دوروں پر پابندی بھی بدستور نافذ رہے گی۔

ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ کی جانب سے کفایت شعاری کے ان اقدامات سے متعلق باقاعدہ نوٹیفکیشن جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker