تازہ ترین

صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ کی فیڈریشن کیپٹل آفس میں ورکرز کے حقوق کے تحفظ سے متعلق اعلیٰ سطحی کانفرنس میں شرکت

اسلام آباد: فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عاطف اکرام شیخ نے فیڈریشن کیپٹل آفس میں ورکرز کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی کانفرنس میں شرکت کی۔ کانفرنس کا انعقاد وفاقی حکومت، اقوام متحدہ (یو این) اور انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) کے زیر اہتمام کیا گیا جس کا بنیادی مقصد محنت کش طبقے کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانا اور پالیسی سطح پر مربوط حکمت عملی وضع کرنا تھا۔
کانفرنس میں وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز و ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ چوہدری سالک حسین، سیکرٹری انسانی حقوق، اقوام متحدہ اور آئی ایل او کے نمائندوں سمیت پاکستان ورکرز فیڈریشن کے وفد نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر سینئر بزنس لیڈر میاں اکرم فرید، نائب صدر ایف پی سی سی آئی طارق جدون، ذکی اعجاز، کریم عزیز ملک سمیت بزنس کمیونٹی کے دیگر سینئر رہنما بھی موجود تھے۔
صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ معاشی اور صنعتی ترقی کے لیے ورکرز کے حقوق کا تحفظ ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مہذب اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ورکرز کے حقوق کے مؤثر تحفظ پر ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ورکرز اور آجروں کے درمیان مضبوط شراکت داری کے بغیر پائیدار ادارہ جاتی ڈھانچہ قائم نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایف پی سی سی آئی ورکرز کے حقوق کے تحفظ کے لیے نیشنل ایکشن پلان اور اس حوالے سے ہونے والی ہر مثبت پیش رفت کا خیرمقدم کرتی ہے۔ عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ آج کا اجلاس تمام اسٹیک ہولڈرز کے لیے ایک اہم موقع ہے کہ وہ نظام کی بہتری اور نیشنل ایکشن پلان کی تشکیل کے لیے جامع اور نتیجہ خیز گفتگو کریں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بزنس کمیونٹی پالیسیوں کے مؤثر نفاذ اور مزدوروں کو ساتھ لے کر چلنے کے لیے مکمل تعاون جاری رکھے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بزنس اور انسانی حقوق کے حوالے سے نیشنل ایکشن پلان ایک اہم فریم ورک ہے جس کے تحت ورکرز کے حقوق کا مؤثر تحفظ ممکن بنایا جا سکتا ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز و ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ چوہدری سالک حسین نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ورکرز کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ محنت کش طبقہ ملکی معیشت کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور انہیں محفوظ، باعزت اور بہتر روزگار کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے قوانین پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے اور مزدور دوست پالیسیوں کے ذریعے ہی پائیدار اقتصادی ترقی کے اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محنت کشوں کی فلاح کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں، اور حکومت اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے ورکرز کے مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہے۔
کانفرنس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ حکومت، بین الاقوامی ادارے اور نجی شعبہ مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے ورکرز کے حقوق کے تحفظ اور معاشی ترقی کے اہداف کو مزید مؤثر بنا سکتے ہیں۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker