
بیجنگ :چین کے صدرِ شی جن پھنگ نے صوبہ شانشی کے ضلع چھن یوان میں کوئلے کی کان میں ہونے والے گیس دھماکے کے بعد اہم ہدایات جاری کی ہیں۔رپورٹس کے مطابق "لیو شن یو” کوئلہ کان کے زیرِ زمین حصے میں گیس دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا.
ہفتہ کے روز چینی میڈ یا کے مطابق شی جن پھنگ نے اس واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ زخمیوں کو بھرپور طبی امداد فراہم کی جائے، سائنسی بنیادوں پر تلاش اور امدادی کارروائیاں منظم کی جائیں اور بعد از حادثہ امور کو مناسب انداز میں نمٹایا جائے۔انہوں نے زور دیا کہ حادثے کی وجوہات کا مکمل تعین کیا جائے اور قانون کے مطابق ذمہ داروں کا سخت احتساب کیا جائے۔ شی جن پھنگ نے کہا کہ مختلف علاقوں اور اداروں کو اس حادثے سے سبق سیکھتے ہوئے خطرات اور حفاظتی خامیوں کی جامع جانچ اور اصلاح کرنی چاہیے تاکہ بڑے اور سنگین حادثات کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت سیلابی سیزن بھی درپیش ہے، لہٰذا ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جائے، سیلاب سے بچاؤ اور امدادی کاموں کو مضبوط کیا جائے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ اُدھر سی پی سی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور چین کے نائب وزیرِ اعظم چانگ گو چھنگ متعلقہ اداروں کے حکام کے ہمراہ جائے وقوعہ روانہ ہو گئے ہیں تاکہ امدادی اور ریسکیو کارروائیوں کی نگرانی کر سکیں۔





