
بیجنگ : چین کے وزیرِاعظم لی چھیانگ نے بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں چین کے سرکاری دورے پر آئے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کی۔جمعرات کے روزلی چھیانگ نے کہا کہ صدر شی جن پھنگ اور صدر پیوٹن کی حالیہ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات کی ترقی کے لیے مزید منصوبہ بندی کی گئی۔ چین، روس کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے سربراہان کی اسٹریٹجک قیادت پر عمل کرتے ہوئے باہمی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے تیار ہے۔
چین، روس کے ساتھ تجارتی حجم میں اضافہ کرنے، دوطرفہ اپ گریڈ سرمایہ کاری معاہدے کو عملی جامہ پہنانے، مختلف شعبوں میں تعاون کو گہرا کرنے، ‘بیلٹ اینڈ روڈ’ اور یوریشین اکنامک یونین کو مربوط کرنے اور چین-یورپ ٹرین کی محفوظ، مستحکم اور اعلیٰ معیار کی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے تیار ہے۔ دونوں ممالک کو چاہیے کہ "چین-روس تعلیمی سال” سمیت عوامی و ثقافتی سرگرمیوں کے کامیاب انعقاد کے ذریعے دونوں اقوام کے درمیان باہمی افہام و تفہیم اور دوستی کو فروغ دیا جائے۔پیوٹن نے کہا کہ میں نے صدر شی جن پھنگ کے ساتھ ایک نتیجہ خیز ملاقات کی۔ روس، وزرائے اعظم کی باقاعدہ ملاقات کے نظام سے بھرپور فائدہ اٹھانے، مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے ،اور نوجوانوں اور سیاحت سمیت عوامی و ثقافتی تبادلوں کو وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ روس چین کے ساتھ شنگھائی تعاون تنظیم، برکس اور دیگر کثیر الجہتی فریم ورکس میں تعاون کو مضبوط کرنے اور دنیا میں امن، استحکام اور خوشحالی کو مشترکہ طور پر فروغ دینے کے لیے تیار ہے۔





