پاکستانٹاپ سٹوری

خیبر: سکیورٹی فورسز کے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں22 خوارج ہلاک

راولپنڈی:(آئی پی ایس) ضلع خیبر میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں فتنۃ الخوارج کے 22 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 21 اپریل 2026 کو خیبر ضلع میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔

آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں سیکیورٹی فورسز کی مہارت سے کی گئی کارروائی کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 22 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج نے گرفتاری کے خوف سے اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 10 سالہ معصوم بچہ شہید ہو گیا۔
ترجمان پاک فوج نے بیان میں مزید کہا کہ ہلاک ہونے والے بھارتی اسپانسرڈ خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ یہ دہشت گرد عناصر علاقے میں متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث رہے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی ایکشن پلان کے تحت منظور شدہ وژن عزم استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا خیبر میں کامیاب انٹیلی جنس آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے خیبر ضلع میں مشترکہ انٹیلی جنس آپریشن میں فتنہ الخوارج کے 22 دہشت گردوں کی ہلاکت اور اسلحے کی برآمدگی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
صدرِ مملکت نے معصوم 10 سالہ بچے کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار، اہلِ خانہ سے تعزیت کیا ہے ۔
صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے خلاف سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں قابلِ فخر ہیں،ایسے وقت جب پاکستان کی قیادت خطے اور دنیا میں امن کیلیے سر توڑ کوشش کر رہی ہے، دہشتگرد ہماری اس کوشش کو کمزور کرنا چاہتے ہیں،
صدر زرداری نے کہا کہ ہم دہشتگردی کو بھی شکست دیں گے اور خطے اور دنیا میں امن کیلیے اپنا قائدانہ کردار بھی ادا کرتے رہیں گے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker