
بیجنگ : چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان لین جئین نے رسمی پریس کانفرنس میں ایران اور امریکہ کے درمیان بات چیت کی حالیہ خبروں کے بارے میں کہا کہ چین نے بارہا اس بات پر زور دیا ہے کہ جنگ کی طوالت کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں ہے۔ اس جنگ کے جاری رہنے سے محض مزید جانی نقصان اور بلاوجہ کے مالی نقصانات ہوں گے، اور اس کے اثرات مزید علاقوں تک پھیلیں گے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ وقت کی اہم ضرورت یہ ہے کہ امن کی بات کی جائے، مذاکرات کو فروغ دیا جائے، امن کے مواقعوں سے فائدہ اٹھایا جائے اور جنگ کی آگ کو بجھانے کے لیے کوششیں کی جائیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ چین کشیدگی کو کم کرنے اور حالات کو معمول پر لانے والی تمام کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ تمام متعلقہ فریقوں کو ایک ہی سمت میں قدم بڑھانے چاہئیں تاکہ حقیقی معنوں میں بامعنی اور مخلصانہ امن مذاکرات کے آغاز کے لیے سازگار حالات پیدا کیے جا سکیں۔ چین اس مقصد کے حصول کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔





