
بیجنگ :چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکھون نے یومیہ پریس کانفرنس میں کہا کہ چینی وزیر خارجہ وانگ ای حالیہ دنوں ایران کی صورتِ حال کے حوالے سے سفارتی رابطوں کو جاری رکھے ہوئے ہیں اور انھوں نے ایک بار پھر خطے کے مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے ٹیلی فون پر بات چیت اور تبادلۂ خیال کیا ہے۔
گو جیاکھون نے کہا کہ لڑائی کے آغاز کے پہلے دن سے ہی چین نے واضح طور پر فوری جنگ بندی، لڑائی کے خاتمے، مذاکرات و مکالمے کی طرف واپسی اور سیاسی حل پر زور دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مشرق وسطیٰ کے لیے چین کے خصوصی ایلچی اس وقت خطے کے مختلف ممالک کے دورے کر رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل رکن اور مشرق وسطیٰ کے ممالک کے مخلص دوست کی حیثیت سے چین تنازعہ میں شریک فریقین سمیت تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ رابطے کو مضبوط رکھے گا اور کشیدگی کو کم کرنے اور امن کی بحالی کے لیے تعمیری کردار ادا کرے گا۔ جنوبی کوریا میں موجود امریکی تھاڈ اینٹی میزائل سسٹم کے ایک حصے کو مشرقِ وسطیٰ منتقل کیے جانے کے بارے میں گو جیاکھون نے کہا کہ چین کی جانب سے تھاڈ اینٹی میزائل سسٹم کی جنوبی کوریا میں تعیناتی کی مخالفت کا مؤقف بدستور برقرار ہے۔





