تجارتٹاپ سٹوری

اسٹاک ایکسچینج میں نئی تاریخ رقم، 100 انڈیکس ایک لاکھ پوائنٹس کا سنگ میل عبور کرگیا


کراچی :پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) نے نئی تاریخ رقم کرلی، بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس ایک لاکھ پوائنٹس کا سنگ میل عبور کر گیا۔
جمعرات کو کاروباری دن کے آغاز پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بینچ مارک کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس 1210 پوائنٹس اضافے کے بعد ایک لاکھ پوائنٹس کا تاریخی سنگ میل عبور کر گیا۔
یہ قابل ذکر ہے کہ اسٹاک مارکیٹ 17 ماہ قبل صرف 40 ہزار پوائنٹس کی سطح پر موجود تھی اور صرف 17 ماہ کے عرصے میں مارکیٹ نے 60 ہزار پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ کا سنگ میل عبور کیا ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا احتجاج ختم ہونے کے نتیجے میں سیاسی بےیقینی میں کمی کے بعد بدھ کو 100 انڈیکس 4 ہزار 695 پوائنٹس کے تاریخی اضافے سے 99 ہزار 269 کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا کہ کے ایس ای 100 انڈیکس میں ایک ہی دن میں 4 ہزار 695 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 4 ہزار 695 پوائنٹس یا 4.73 فیصد اضافے سے ایک لاکھ پوائنٹس کے سنگ میل کے قریب ترین 99 ہزار 269 پر بند ہوا۔
یاد رہے کہ منگل کو کاروبار کے آغاز پر بینچ مارک- کے ایس ای 100 انڈیکس میں ایک ہزار سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، تاہم غیریقینی سیاسی صورتحال کے باعث دوپہر کے بعد مارکیٹ لڑکھڑا گئی تھی اور کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس میں 3 ہزار 505 سے زائد پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی اور مارکیٹ 94 ہزار 574 پوائنٹس پر بند ہوئی تھی۔
وزیرِ اعظم کی اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس کے 1 لاکھ پوائنٹس سے تجاوز پر پوری قوم کو مبارکباد
اسلام آباد:وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس کے 1 لاکھ پوائنٹس سے تجاوز پر پوری قوم کو مبارکبادپیش کی ہے ۔
اپنے ایک بیان میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ اسٹاک ایکسچینج کا تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک لاکھ پوائنٹس سے تجاوز کرنا حکومتی پالیسیوں پر کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کے بھروسے کی عکاسی کرتا ہے،
اس سنگ میل کو عبور کرنے کیلئے حکومتی معاشی ٹیم اور ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مصروف عمل حکام لائق تحسین ہیں،
اپنی قوم سے عہد کیا تھا کہ ملکی معاشی استحکام اور ملکی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھاؤنگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے اپنی سیاست کی قربانی دی، اللہ کے فضل و کرم سے قربانی رائیگاں نہیں گئی،
انتشاری ٹولے کے جاتے ہی مثبت رجحان لوٹ آیا،ملکی استحکام و ترقی کے دشمن ملک کو دوبارہ ڈی ریل کرنے کی مزموم و ناکام کوششیں کر رہے ہیں،ملک میں مہنگائی کی شرح میں مزید کمی ہوئی ہے، شرح سود 15 فیصد اور ترسیلاتِ زر ریکارڈ سطح پر پہنچ چکے،ملکی ترقی کیلئے یونہی محنت کرتے رہیں گے،ملکی ترقی و خوشحالی کے دشمنوں کو اپنے مزموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دینگے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker