کھیل

انضمام الحق آج قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر بن جائیں گے

لاہور ( آئی پی ایس) سابق قومی کپتان و مایہ ناز کرکٹر انضمام الحق آج قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر بن جائیں گے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر ہارون رشید کی جگہ اب انضمام الحق چیف سلیکٹر بننے کے لئےفیورٹ ہیں۔

چارج لینے کے بعد وہ افغانستان کی سیریز اور ایشیا کپ کے لیے ٹیم منتخب کریں گے جس کا اعلان جمعرات تک کیا جائے گا۔

ٹیکنیکل کمیٹی کے سربراہ مصباح الحق نے ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر، ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن، باؤلنگ اور بیٹنگ کوچز کو نہ چھیڑنے کا مشورہ دیا ہے، البتہ منیجر ریحان الحق اور دیگر نان ٹیکنیکل سٹاف کے بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا، ان کا مستقبل خطرے میں ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی حکام نے سینٹرل کنٹریکٹ پر سری لنکا میں کھلاڑیوں سے ویڈیو لنک پر طویل میٹنگ کر کے مطالبات جاننے کی کوشش کی ہے، ان کی رائے کو بھی اہمیت دی جارہی ہے۔

انضمام الحق آج لاہور میں ذکاء اشرف سے ملاقات کر کے چیف سلیکٹر کی ذمہ داری سنبھالیں گے، یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ افغان سیریز اور ایشیا کپ کے لیے ایک ہی ٹیم منتخب کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق ورلڈ کپ کیلئے ابھی ٹیم پر بات نہیں ہوئی ہے، اس ہفتے اہم ترین فیصلے کیے جانے کا امکان ہے، ذکاء اشرف کرکٹ ٹیکنیکل کمیٹی کے فیصلوں اور تجاویز کی منظوری دیں گے، یکم ستمبر سے شروع ہونے والے ڈومیسٹک کرکٹ سٹرکچر کا اعلان کیا جائے گا اور ریجنزاور ڈیپارٹمنٹل کرکٹ بحال ہو گی۔

ایسے میں سابق چیف ایگزیکٹیو فیصل حسنین کی بورڈ چھوڑنے کی بازگشت ہے، چیف ایگزیکٹیو کاعہدہ ختم اوران کا تبادلہ سپیشل پراجیکٹس میں کردیا گیا ہے، ادھر سابق ڈائریکٹر ندیم خان نے ذکاء اشرف سے ملا قات کی ہے ان کی تقرری اگلے چند دن میں متوقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ذکاء اشرف نے اسلام آباد میں اہم شخصیات اور وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ہے، حکومت نے انہیں مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے تاہم چند دن میں عبوری سیٹ اپ کے آنے کے بعد مینجمنٹ کمیٹی کے مستقبل سے متعلق کچھ کہنا مشکل ہوگا۔

سلیکشن کمیٹی کے قیام کے بعد سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان ہوگا جس میں وائٹ بال اور ریڈ بال کیٹگریز ختم کر کے معاوضوں میں ایک سو فیصد سے زائد اضافے کی تجویز ہے، میچ فیس میں اضافہ کیا جا رہا ہے، ٹیسٹ میچ فیس میں پچاس فیصد اضافہ ہو گا۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker