فن و فنکار

فلسطینیوں کی حمایت پربھارتی عاطف اسلم پر برس پڑے

کراچی (نیوزڈیسک)پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر میں اپنی آواز کا جادو جگانے والے عاطف اسلم کو اسرائیل فلسطین کشیدگی میں فلسطینیوں کی حمایت پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق معروف گلوکارعاطف اسلم نے اپنے سوشل میڈیا پر اسرائیلی فوج کے ظلم و ستم کا نشانہ بننے والے فلسطینی عوام کی حمایت میں ایک پوسٹ شئیر کی۔
گلوکار نے فلسطینیوں کی حمایت کرتے ہوئے فلسطین کے جھنڈے کی تصویر شیئرکی اور لکھا کہ ’ہزاروں بے گناہ فلسطینیوں کی جانوں کا زیاں انتہائی افسوسناک ہے، اللہ اپنا رحم فرمائیں‘۔
گلوکار کی اس حمایت پر بھارتی سوشل میڈیا صارفین مشتعل ہو گئے اور انہیں کڑی تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’گلوکار کواب ان فالو کرنے کا وقت آگیا ہے‘۔
ایک صارف نے گلوکار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ’وہ بھی بے گناہ ہیں، جنہیں حماس نے بے دردی سے قتل کیا، براہ مہربانی ان کے بارے میں بھی ایک پوسٹ ضرور کریں، ڈبل فیس نوٹنکی نہ کھیلیں۔‘
ایک صارف نے اسرائیل کی حمایت کرتے ہوئے گلوکار سے سوالیہ کہا کہ ’اسرائیل کے بے گناہوں کے لیے کچھ نہیں؟ صرف اس لئے کہ وہ یہودی ہیں؟‘
ایک صارف نے پاکستان کی بھارت کے ہاتھوں شکست پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’فلسطین چھوڑو بھائی جان، جو احمد آباد میں 11 پاکستانیوں کو بجایا ہے روہت شرما نے، انکو بھی دعا کی ضرورت ہے‘۔
ایک بھارتی صارف نے لکھا کہ ’آپ کو پاکستان واپس بھیجنے کا فیصلہ بہت اچھا تھا، آپ میرے پسندیدہ گلوکاروں میں سے ایک تھے لیکن اب نہیں، آپ میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے لیکن آپ بھی وہی عام مسلمان ہیں، جب وہاں کے لوگ جو کچھ بھی کرتے ہیں اس پر اپنی آنکھیں بند کر لیتے ہیں اور صرف اس وقت دیکھتے ہیں جب وہاں لوگوں کا شکار کیا جاتا ہے۔‘
عاطف اسلم کی اسرائیل کی حمایت میں اس پوسٹ کے بعد سے بھارتی مداحوں نے انسٹاگرام پر گلوکار کواَن فالو بھی کیا ہے۔
فلسطین کی آزادی پسند تنظیم حماس کی جانب سے اسرائیل پر تاریخی اور غیر متوقع حملوں کے جواب میں اسرائیلی فوج غزہ پر بمباری کر رہی ہے۔
اسرائیلی فورسز کی طرف سے گھروں، خواتین اور بچوں کو بلا امتیاز نشانہ بنانے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
غزہ پر جاری اسرائیلی بمباری سے اب تک 2329 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں، 9700 زخمی جبکہ 300,000 بے گھر ہو چکے ہیں۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker