اسلام آباد

تاجکستان کے ساتھ برآمدات کو فروغ دینے میں سفارتخانہ تعاون کرے۔احسن بختاوری

 اسلام آباد- اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ تاجکستان وسطی ایشیاء میں پاکستان کیلئے ایک گیٹ وے کا درجہ رکھتا ہے جس کے ساتھ قریبی تعاون قائم کر کے پاکستان ان ممالک کے ساتھ اپنے کاروبای تعلقات کو بہتر کر سکتا ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کا سفارتخانہ تاجکستان کے ساتھ تجارت و برآمدات کو فروغ دینے میں بھرپور تعاون کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیمبر کے دورے کے موقع پر تاجکستان کیلئے نامزد پاکستان کے سفیر محمد سعید سرور کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

احسن بختاوری نے کہا کہ تاجکستان اپنی ضرورت کیلئے زیادہ تر مال باہر سے امپورٹ کرتا ہے جبکہ پاکستان، ٹیکسٹائلز، فارماسوٹیکلز، سیمنٹ، کھیلوں کا سامان، آلات جراحی اور چمڑے کی مصنوعات سمیت متعدد مصنوعات تاجکستان کو برآمد کر سکتا ہے جس کیلئے سفارتخانے کا تعاون بہت فائدہ مند ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واخان سڑپ پر تاجکستان اور پاکستان کے درمیان صرف 16کلومیٹر فیصلہ ہے اور اگر اس راستے کو قابل استعمال بنایا جائے تو دونوں کی باہمی تجارت میں نمایاں بہتری آ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سفارتخانہ پاکستان اور تاجکستان کے نجی شعبوں کے درمیان روابط کو بہتر کرنے میں معاونت کرے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعلقات کو صلاحیت کے مطابق فروغ دیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ چیمبر اپنا ایک وفد تاجکستان لے جانے پر غور کرے گا۔

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے تاجکستان کیلئے نامزد پاکستان کے سفیر محمد سعید سرور نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کاروبار اور برآمدات کو فروغ دے کر ملک کی اہم خدمت کر رہی ہے اور یقین دہانی کرائی کہ وہ تاجکستان میں پاکستان کیلئے برآمدات کے نئے مواقع تلاش کرنے کی ہرممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اورتاجکستان کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے پر دستخط ہو چکے ہیں اور اس پر عمل درآمد سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کافی بہتر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معیشت کی بہتری کیلئے برآمدات کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور اس عزم کااظہار کیا کہ سفارتخانے حکومت کے اس مشن کو آگے بڑھانے میں بزنس کمیونٹی کے ساتھ تعاون کریں گے۔

چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ چیمبر نے سنٹرل ایشین ممالک کا ایک سہولت ڈیسک قائم کیا ہوا ہے تا کہ بزنس کمیونٹی کو ان ممالک کے ساتھ کاروبا رکے نئے مواقع تلاش کرنے میں سہولت فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سفارتخانے کا تعاون اس سہولت ڈیسک کو مزید فعال بنانے میں مددگار ثابت ہو گا۔

آئی سی سی آئی کے گروپ لیڈر خالد اقبال ملک نے کہا کہ انٹرنیشنل مارکیٹ میں پاکستان کے کاروباری مفادات کو فروغ دینے میں سفارتخانوں کا کردار بہت اہم ہے اور اس امید کا اظہار کیا کہ تاجکستان میں قائم پاکستان کا سفارتخانہ اس سلسلے میں اپنا فعال کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے تجویز دی کہ سفارتخانوں کو برآمدات کیلئے سالانہ اہداف دیئے جائیں جس سے ہماری برآمدات تیزی سے فروغ پا سکتی ہیں۔
چیمبر کے سابق صدر ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان کیلئے تاجکستان سمیت وسطی ایشیا کے ساتھ براہ راست ہوائی روابط کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ اس سے عوامی روابط مضبوط ہوں گے، تجارت و برآمدات میں اضافہ ہو گا اور سیاحت کو بھی بہتر فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ سفاتخانہ استنبول، اسلام آباد اور دوشانبے کے درمیان براہ راست پرواز کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تاجکستان اور دیگر وسطی ایشیائی ممالک کو گوادر اور کراچی بندرگاہوں کے ذریعے مشرق وسطیٰ سمیت دیگر مارکیٹوں تک آسان رسائی فراہم کرتا ہے لہذا قریبی تعلقات کا قیام پاکستان اور وسطی ایشائی ممالک کیلئے فائدہ مند نتائج پیدا کرے گا۔

رضوان چھینہ، شیخ محمد اعجاز، امیر حمزہ، محمد شبیر، خالد چوہدری، منیزہ ماجد اور دیگر نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پاکستان و تاجکستان کے درمیان کاروباری تعلقات کو بہتر کرنے کیلئے مفید تجاویز پیش کیں۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker