تازہ تریناسلام آبادعلاقائی

بے نظیر بھٹو شہید اسپتال میں عملے کی مبینہ غفلت سے نومولود بچی تبدیل ہوگئی

 بے نظیر بھٹو شہید اسپتال میں عملے کی مبینہ غفلت سے نومولود بچی تبدیل ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے بے نظیر بھٹو شہید اسپتال کے گائنی وارڈ اور ملحقہ نرسری کے عملے کی سنگین غفلت و لاپرواہی اس وقت سامنے آئی جب کلرسیداں سے تعلق رکھنے والے والدین کی ایک دن کی نومولود بچی دوسرے والدین کے حوالے کردی گئی، نرسری سے بچی غائب ہوئی تو والدین کی حالت غیر ہوگئی۔

اطلاع پر پولیس نے اغوا کا مقدمہ درج کرکے اسپتال کا ریکارڈ اور سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز کی چھان بین کی تو انکشاف ہوا کہ ایک دوسرا جوڑا اپنی بچی کے بجائے دوسری بچی کو ساتھ لیکر تلہ گنگ چلا گیا ہے جس پر وارث خان پولیس ٹیم تلہ گنگ پہنچی اور بچی کو راولپنڈی منتقل کرکے حقیقی والدین کے حوالے کردیا۔ایس ایچ او وارث خان انسپکٹر مرزا جاوید کے مطابق اسپتال میں اس دن 20 بچے موجود تھے جن کے والدین کا ریکارڈ حاصل کرکے اسپتال کے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز کا جائزہ لیا گیا توانکشاف ہوا کہ بچی کو اسپتال میں زیر علاج تلہ گنگ سے تعلق رکھنے والی فیملی اپنے ساتھ لے گئی ہے جبکہ انکی اپنی بچی اسپتال میں ہی موجود ہے۔

ایس ایچ او مرزا جاوید کے مطابق بچوں کی بحفاظت منتقلی کے لیے پیرا میڈیکس اسٹاف کو ایمولینس کے ساتھ تلہ گنگ بھجوایا گیا اور بچی کو وہاں سے راولپنڈی منتقل کرکے حقیقی والدین کے حوالے کردیا گیا۔ایم ایس بے نظیر اسپتال ڈاکٹر طاہر رضوی کا کہنا تھا کہ واقعے کے حوالے سے انکوائری شروع کردی گئی، بظاہر اس میں اسٹاف کی غفلت پائی جاتی ہے، انکوائری کے بعد ذمہ داران کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے قلیل وقت میں بچی کو ٹریس کر کے تلہ گنگ سے واپس لانے اور حقیقی والدین کے حوالے کرنے پر ایس ایچ او وارث خان انسپکڑ مرزا جاوید اور انکی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا ہے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker