تازہ ترین

پولیس تاجر برادری کے تحفظ کے لیے تمام ممکن اقدامات اٹھائے گی، آئی جی پی

اسلام آباد:انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے وفاقی دارالحکومت کی تاجر برادری کو سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ بزنس کمیونٹی کو درپیش سیکیورٹی سے متعلق مسائل سے نمٹنے کے لیے ایک جامع حکمت عملی تیار کی جارہی ہے۔

انہوں نے یہ بات اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے صدر آئی سی سی آئی صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں ان کے دفتر میں ملاقات کی اور انہیں اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

آئی جی پی نے ملکی ترقی کے لیے تاجر برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کی کمی کو دور کرنے کے لیے تمام تر کوششوں سے بزنس کمیونٹی کے تحفظات دور کیے جائیں گے۔انہوں نے یقین دلایا کہ شہر کو منشیات،سمگلنگ سے پاک کیا جائے گا،تجاوزات کے خاتمے کیلئے متعلقہ اداروں سے پولیس مکمل تعاون کرے گی۔انہوں نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ شہر میں سیکورٹی کو مضبوط بنانے اور امن کو برقرار رکھنے کی کوششوں میں پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

قبل ازیں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے آئی جی پی کو تاجروں کو درپیش پولیس سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتے ہوئے مجرمانہ واقعات نے تاجروں میں عدم تحفظ کا احساس پیدا کیا ہے جس سے کاروباری سرگرمیاں اور سرمایہ کاری کے امکانات بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے اس مسئلے پر قابو پانے کے لیے پولیس اور تاجروں کے درمیان بہتر رابطے کی تجویز بھی دی۔

احسن ظفر بختاوری نے آئی جی پی کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کی دعوت بھی دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔ آئی سی سی آئی کے وفد میں چیئرمین فاؤنڈر گروپ خالد اقبال ملک، سیکرٹری جنرل یونائیٹڈ بزنس گروپ ظفر بختاوری، نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر، سابق ایس وی پی خالد چوہدری، سابق وی پی سیف الرحمان، ضیاء خالد، اسد عزیز اور ندیم اخترشامل تھے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker