
اسلام آباد(آئی پی ایس)گھر سے بھاگے ہوئے بچے کو موٹروے پولیس نے خاندان والوں کے حوالے کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق M-1 ٹول پلازہ اسلام اباد پر ایک بس میں مووی بنانے کے دوران موٹروے پولیس کے عملے نے ایک سات سے آٹھ سالہ بچہ دیکھا ۔ معلوم کرنے پر پتہ چلا کہ اتنا چھوٹا بچہ اکیلا ہی سفر کر رہا ہے ، مزید معلومات لینے پر پہلے تو بچے نے کچھ نہ بتایا پھر صرف اتنا بتا سکا کہ اس کا خاندان کچھ دن پہلے بنوں سے راولپنڈی کے علاقے 26 نمبر چونگی شفٹ ہوا ہے ۔
ترجمان نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے مطابق اس صورتحال میں موٹروے پولیس نے بچے کو حفاظتی تحویل میں لیتے ہوئے بچے کے خاندان والوں کی تلاش شروع کر دی۔ مسجد میں اعلانات کے علاوہ دیگر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے بالاخر بچے کے خاندان والوں کا پتہ لگا لیا گیا ۔ بچے کے خاندان والوں کی جانب سے بھی بچے کی تلاش جاری تھی۔ قانونی کاروائی مکمل کرنے کے بعد بچے کو اس کے خاندان والوں کے حوالے کر دیا گیا ، جس پر انہوں نے موٹروے پولیس کا شکریہ ادا کیا ۔