پاکستان

پاکستان میں اقلیتوں کو ہر طرح کا تحفظ اور حقوق حاصل ہیں۔ مہیش کمار ملانی

اسلام آباد- اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں اقلیتوں کا قومی دن منانے کی تقریب منعقد ہوئی۔ سابق وزیرمملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز مہیش کمار ملانی مہمان خصوصی تھے جبکہ خیبر پختونخواہ سے سابق ممبر صوبائی اسمبلی سردار رنجیت سنگھ بھی تقریب میں موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی مہش کمار ملانی نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو ہر طرح کا تحفظ اور حقوق حاصل ہیں جس وجہ سے ان میں کسی قسم کا عدم تحفظ کا احساس نہیں پایا جاتا۔ قائد اعظم نے 11اگست 1947کو اپنی تقریر میں کہا تھا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو برابری کے حقوق حاصل ہوں گے اور ان کو اپنی عبادت گاہوں میں جانے کی پوری آزادی حاصل ہو گی۔پاکستان میں مندر، گرجے اور گردوارے محفوظ ہیں۔ صرف ایک انتہا پسند سوچ والا محدود طبقہ مسجدوں اور دیگر عبادت گاہوں پر بھی حملے کر رہا ہے۔ ہماری مسلح افواج انتہا پسندوں کیخلاف نبردآزما ہیں اور جلد انکا خاتمہ ہو جائے گا۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ مزید اقلیتی ممبران کو قومی و صوبائی اسمبلیوں میں لانے کی کوشش کریں۔ انہوں نے چیمبر کی طرف سے اقلیتوں کا قومی دن منانے کے اقدام کو سراہا اور بختاوری خاندان کی اقلتیوں کیلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ اقلیتوں نے تحریک پاکستان میں فعال کردار ادا کیا تھا جبکہ جنگوں کے موقع پر بھی انہوں نے دفاع پاکستان کیلئے بھرپور حصہ لیا تھا جو ان کی پاکستان سے گہری محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اقلیتیں پاکستان کی معاشی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سرکاری اور نجی محکموں میں اقلیتوں کیلئے 5فیصد جاب کوٹہ مزید بڑھایا جائے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ چیمبر نجی شعبے میں ان کو ملازمت کے مواقع فراہم کرنے میں تعاون کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے ممبران کاروبار کو فروغ دے کر پاکستان کی معاشی ترقی میں بھی اپنا مثبت کردار ادا کر رہے ہیں اور یقین دہانی کرائی کہ چیمبر اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے تاجروں وصنعتکاروں کے مسائل حل کرانے کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا جس طرح مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں اور بھارت میں اقلیتوں کے حقوق پامال کر رہا ہے اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہیے اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

سابق پارلیمانی سیکرٹری اور خیبرپختونخواہ کی صوبائی اسمبلی کے سابق رکن سردار رنجیت سنگھ نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو جو آزادی اور سہولیات حاصل ہیں وہ پڑوسی ملک کے منہ پر تمانچہ ہیں۔ آج پاکستان میں جس طرح اقلیتوں کو تحفظ حاصل ہے اس سے قائداعظم کی روح کو تسکین پہنچ رہی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 99فیصد سکھ برادری کاروبارکو فروغ دے کر پاکستان کی معیشت کو مضبوط کرنے میں اپنا فعال کردار ادا کر رہی ہے۔ اقلیتیں پاکستان میں صحت و تعلیم کے شعبے میں بھی بہتر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ چیمبر کی طرف سے اقلیتوں کیلئے قومی دن کا انعقاد قابل ستائش ہے اور اس سے اقلیتوں کی کافی حوصلہ افزائی ہو گی۔
چیمبر کے سابق صدر اور یو بی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کا دن ہمیں اخوت، محبت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ پاکستان کو کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے ایک پرکشش ملک بنانے کیلئے بین المذہبی ہم آہنگی کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے اور ایسی تقریبات ان مقاصد کے حصول میں مفید ثابت ہوں گی۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس نے ہمیشہ اقلیتی برادری کے مسائل کے حل کیلئے آواز اٹھائی ہے اور آئندہ بھی اٹھاتا رہے گا۔ بختاوری خاندان نے اسلام آباد کی کچی آبادیوں میں رہنے والوں کو بجلی، گیس اور پانی جیسی سہولیات فراہم کی ہیں اور آئندہ بھی اقلیتوں کی بہتری کیلئے کام کرتے رہیں گے۔
چیمبر کی بین المذہبی ہم آہنگی کمیٹی کے کنوینر چوہدری اشرف فرزند نے بھی اپنے خیالات کااظہار کیا اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے چیمبرکے کردار کو سراہا۔ اس موقع پر ملی نغمے بھی پیش کیے گیے جبکہ اقلیتی برادری کی ملک کیلئے خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker