پاکستان

پلاسٹک شاپنگ بیگز کے استعمال پر پابندی کیلئے تاجر برادری تعاون کرے۔محترمہ فرزانہ الطاف شاہ

اسلام آباد کو سرسبز و شاداب اور آلودگی سے پاک بنانے میں حکومت سے تعاون کریں گے۔ احسن ظفر بختاوری
آلودگی پیدا کرنے والے عناصر پر قاپو پا کر صحت مند ماحول فروغ دیا جا سکتا ہے۔ خالد اقبال ملک
ڈائریکٹر جنرل پاکستان انوائرنمنٹ پروٹیکشن ایجنسی کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس کا دورہ
اسلام آباد ( ) پاکستان انوائرنمنٹ پروٹیکشن ایجنسی کی ڈائریکٹر جنرل محترمہ فرزانہ الطاف شاہ نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور پلاسٹک کے بے جا استعمال اور مضر صحت کے بارے میں تاجر برادری کو تفصیل سے بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ پلاسٹک کے شاپنگ بیگز انسانی صحت اور ماحولیات کے لیے شدید مضر اثرات کا باعث بنتے ہیں جبکہ ان کی وجہ سے ندی نالے اور سیوریج لائنیں بھی بند ہو جاتی ہے لہذا انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ان بیگز پر پابندی کے نفاذ کیلئے بھرپور تعاون کرے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو پلاسٹک بیگز فری سٹی بنانے کے لیے ان کے ادارے کو تاجر برادری کے تعاون کی ضرورت ہے لہذا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اور مارکیٹ ایسوسی ایشنز پلاسٹک شاپنگ بیگز کے قوانین و ضوابط پر عمل درآمد کے لیے ہرممکن تعاون کریں۔ انہوں نے تاجر برادری کو پلاسٹک شاپنگ بیگز کے استعمال پر پابندی کے نئے ضوابط کی اہم خصوصیات سے بھی آگاہ کیا اور امید ظاہر کی کہ بطور ذمہ دار شہری وہ ان ضوابط کی تعمیل میں بھرپور ساتھ دیں گے۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے یقین دلایا کہ تاجر برادری اسلام آباد میں پلاسٹک شاپنگ بیگز کا استعمال روکنے کیلئے تعاون کرے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسلام آباد کو سرسبز و شاداب بنانے اور آلودگی سے پاک کرنے میں حکومت کے ساتھ تعاون کریں گے۔تاہم انہوں نے کہا کہ حکومت مارکیٹوں میں پلاسٹک شاپنگ بیگز کے متبادل کی آسانی سے دستیابی کو یقینی بنائے اور تاجر برادری کو غیر ضروری مسائل سے بچانے کے لیے ان کے استعمال پر پابندی کے نفاذ کو بتدریج آگے بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی گرمی، خشک سالی، سیلاب اور شدید بارشیں ماحولیاتی تبدیلیوں کا نتیجہ ہیں لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ایک صحت مند ماحول کے فروغ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے تاکہ ملک کوماحولیاتی تبدیلیوں کے مزید مضر اثرات سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگانے، گرین انرجی کو فروغ دینے اور ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کا بندوبست کرنے کے لیے ایک قومی مہم شروع کی جائے تاکہ ماحول کو مزید خراب ہونے سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پلاسٹک بیگز کی غیر قانونی پیداوار پر قابو پانے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں اور پلاسٹک شاپنگ بیگز کے متبادل کی تیاری پر سبسڈی دی جائے جس سے ان شاپنگ بیگز سے جلد چھٹکارہ ملے گا۔
آئی سی سی آئی کے گروپ لیڈر خالد اقبال ملک نے اسلام آباد میں بدلتی ہوئی آب و ہوا اور مختلف قسم کے دھوئیں کے اخراج پر تشویش کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ آلوگی پیدا کرنے والے عناصر پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات کئے جائیں تا کہ صحت مند ماحول کو فروغ دیا جائے۔
آئی سی سی آئی کے سابق صدر اور یو بی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ حکومت ایسے بزنس مینوں کو ایوارڈ سے نوازا جائے جو ماحولیاتی قوانین کی مکمل پاسداری کرتے ہیں اور صحت مند ماحول کو فروغ دینے میں مثبت کردار ادا کرتے ہیں جس سے دوسروں کو ایسے قوانین کی پابندی کرنے کی ترغیب ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی سی سی آئی محترمہ فرزانہ الطاف شاہ کو دارالحکومت میں صحت مند ماحول کو فروغ دینے کی کوششوں کے اعتراف میں ایوارڈ دینے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ جزا اور سزا ہر معاشرے اور ہر مذہب کا حصہ ہے۔ آئی سی سی آئی ہر سیکٹر کے ماحول دوست کاروباری سرگرمیاں کرنے والوں کو ایوارڈ اور اعزاز سے نوازے گا تا کہ لوگوں کو اس طرف راغب کیا جائے اور صحت مند ماحولیات کو قومی اور عالمی تناظر میں آگے بڑھایا جائے۔
تقریب میں جناح سپر مارکیٹ کے صدر اسد عزیز، بلیو ایریا کے صدر راجہ حسن اختر، آئی ایٹ کے سیکرٹری جنرل زاہد قریشی، خالد چوہدری، ظفر گجر، اخلاق عباسی، سردار شبیر عباسی، عبدالرحمٰن صدیقی، عامر نقوی، اختر عباسی، شاہد گوندل، فصیح اللہ خان، ڈاکٹر ز یغم، جمیل احمد قریشی، ملک شبیر، شاہ انور اور دیگر بھی موجود تھے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker