اسلام آباد :صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ نیشنل اکنامک تھنک ٹینک کے قیام کا مقصد ملکی معیشت کی بہتری ہے، معیشت کو کوئی اور نہیں، بزنس کمیونٹی کے نمائندے ہی بہتر کرسکتے ہیں،حکومت معاشی فیصلوں میں بزنس کمیونٹی کو اعتماد میں لے کر آگے بڑھے تو چیلنجز پر قابو پانا ممکن ہے۔
اتوار کو صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے نیشنل اکنامک تھنک ٹینک کے قیام پر اپنے بیان میں کہا کہ نیشنل اکنامک تھنک ٹینک کے قیام کا مقصد ملکی معیشت کی بہتری ہے،قومی معاشی تھنک ٹینک میں مخلتف شعبوں کے 40 سے زائد ماہرین شامل ہیں ، ملکی معیشت کو کوئی اور نہیں، بزنس کمیونٹی کے نمائندے ہی بہتر کرسکتے ہیں۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ معیشت کے استحکام کیلئے طویل المدتی اور پائیدار اصلاحاتی پالیسیوں کی تشکیل ناگزیر ہے،بزنس کمیونٹی اور ایف پی سی سی آئی وژن 2030 کے تحت برآمدات کو 100ارب ڈالر تک بڑھانے کیلئے پر عزم ہے، صعنت اور کاروبار کو فروغ دے کر ہی ملک کو معاشی طور پر پائوں پر کھڑا کیا جا سکتا ہے،حکومت معاشی فیصلوں میں بزنس کمیونٹی کو اعتماد میں لے کر آگے بڑھے تو چیلنجز پر قابو پانا ممکن ہے، سرمایہ کاری اور کاروبار میں آسانی کیلئے حکومت بزنس کمیونٹی کو سہولیات فراہم کرے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگی بجلی اس وقت صعنتی ترقی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے،ایف پی سی سی آئی کی تجاویز پر عمل، انڈسٹریل سیکٹر اور دیگر صارفین کیلئے بجلی کے نرخ 25 روپے یونٹ کیئے جائیں۔