اسلام آباد(آئی پی ایس) ججز کی تقرری کیلئے رولز میں ترمیم کے حوالے سے جاری اجلاس سے جسٹس منیب اختر واک آؤٹ کر گئے۔
جوڈیشل کمیشن مجوزہ رولز 2024 سے متعلق چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا اہم اجلاس جاری ہے۔
اجلاس میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس امین الدین اجلاس میں شریک ہیں، ہائیکورٹ کے چیف جسٹسز بھی اجلاس میں شریک ہیں۔
اس کے علاوہ اجلاس میں جسٹس ریٹائرڈ منظور ملک، اٹارنی جنرل اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ بھی شریک ہیں، چاروں صوبائی وزرا قانون سمیت ہائیکورٹس کے سینئر ججز بھی شریک ہیں۔
جوڈیشل کمیشن اجلاس میں ججز کی تقرری کے لیے رولز کا جائزہ لیا جارہا ہے، ہائیکورٹس میں خالی آسامیوں پر تقرریوں کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔
جسٹس منصورعلی شاہ اور جسٹس ریٹائرڈ منظور ملک پر مشتمل کمیٹی نے سفارشات تیار کیں جبکہ رولز میں ترامیم سے متعلق کمیٹی اپنی سفارشات جوڈیشل کمیشن کو بھجوا چکی ہے۔
دوران اجلاس جسٹس منیب اختر نے جوڈیشل کمیشن اجلاس مؤخر کرنے کی تجویز دی جس پر کمیشن نے اجلاس مؤخر کرنے کی تجویز سے اختلاف کیا تو جسٹس منیب اختر جوڈیشل کمیشن کے اجلاس سے واک آؤٹ کرگئے۔جسٹس منصور علی شاہ نے اجلاس میں مجوزہ سفارشات کا مسودہ پڑھا۔