تجارت

صدرایف پی سی سی آئی کا معاشی بحالی کیلئے چارٹر آف اکانومی، قومی پالیسیوں کی تشکیل پر زور

اسلام آباد :صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی ) عاطف اکرام شیخ نے معاشی بحالی کیلئے چارٹر آف اکانومی، قومی پالیسیوں کی تشکیل پر زوردیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت معاشی اہداف کے حصول کیلئے وسیع تر مشاورت اور مربوط پالیسی پر انحصار کرے۔

منگل کو اپنے ایک بیان میں صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے حکومتی معاشی پلان کے حوالے سے بیان میں کہا کہ ملکی معیشت کی مکمل بحالی کیلئے طویل المدتی پالیسیوں کی ضرورت ہے، حکومت کاروبار سے باہر نکلے اور بطور ریگولیٹر اپنا کردا ادا کرے، 60ارب ڈالر برآمدات کے ہدف کا حصول ممکن ہے ، اس کیلئے مقامی انڈسٹری کو سہولیات فراہم کرنا ہونگی۔

صدر ایف پی سی سی آئی نے مزید کہا کہ بیرونی سرمایہ کاری، اوورسیز پاکستانیز اور زراعت یہ تینوں شعبے معاشی بحالی میں اہم ترین کردار ادا کر سکتے ہیں،بزنس کمیونٹی کو شامل کیے بغیر کوئی پالیسی یا پلان کامیاب نہیں ہو سکتا،حکومت معاشی پلان میں شرح سود کو کم از کم سنگل ڈیجیٹ میں لانے کیلئے اقدامات کرے ، مالیاتی خسارے کو آئندہ پانچ سال میں 3 فیصد سے کم سطح تک لانے کیلئے حقیقی پلان مرتب کیا جائے ۔

عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ ٹیکس نیٹ میں اضافے سمیت دیگر معاملات پر تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر آگے بڑھا جائے، خسارے کا شکار قومی اداروں کی جلد از جلد نجکاری کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker