پشاور(آئی پی ایس)بنوں واقعے کی وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے بنوں واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیے کمیشن بنانے کا اعلان کر دیا۔
اس حوالے سے ایک بیان میں مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے بنوں میں جاری صورتِ حال کا نوٹس لیا ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ کمیشن شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کرے گا، رپورٹ کو پبلک کیا جائے گا اور ذمے داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کمیشن کی رپورٹ میں ذمے داروں کی نشاندہی ہو جائے گی، کمیشن کی رپورٹ سے قبل افواہوں اور بلا تصدیق الزامات سے اجتناب کرنا چاہیے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ حساس مقامات پر عموماً سیکیورٹی ہائی الرٹ رہتی ہے، خودکش حملے میں فوجی جوان اور شہری شہید ہوئے تھے، اس مقام کی حساس نوعیت بھی کل کے ناخوشگوار واقعے کی ایک وجہ بنی۔
مشیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ موجودہ دہشت گردی کی لہر کے پیش نظر عوام سے انتہائی احتیاط سے کام لینے کی درخواست ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بنوں میں امن کے لیے ریلی نکالی گئی تھی، امن مارچ کے شرکاء اسپورٹس کمپلیکس کے قریب سڑک پر پہنچے تو اچانک فائرنگ سے بھگڈر مچ گئی تھی، جس سے متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔
ڈی ایچ کیو اسپتال بنوں کے ترجمان کے مطابق 4 افراد کی لاشیں اسپتال لائی گئی ہیں۔