
اسلام آباد( آئی پی ایس) سنی اتحاد کونسل کے رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمرایوب نے کہا ہے کہ شہباز شریف پی ٹی آئی کے ایم این ایز کو اغوا کرنے کے لیے آئی ایس آئی، ایم آئی اور آئی بی کا استعمال کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی ایک ٹوئٹ میں اپوزیشن لیڈر نے الزام لگایا ہے کہ صاحبزادہ امیر سلطان ایم این اے کو آج صبح 4 بجے پنجاب پولیس اور انٹیلی جنس اہلکاروں نے لاہور میں ان کے گھر سے اغوا کیا تھا۔ انہوں نے اغوا کے دوران اس کے عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
عمر ایوب کی ٹوئٹ کے مطابق میاں فیاض ایم این اے کے چھوٹے بھائی انجینئر امتیاز کو گزشتہ روز پنجاب پولیس اور انٹیلی جنس والوں نے اغوا کر لیا تھا۔
سنی اتحاد کونسل کے رہنما عمر ایوب کے مطابق میں نے 2 دن پہلے ہی ٹویٹ کیا تھا کہ شہباز شریف پی ٹی آئی کے ایم این ایز کو اغوا کرنے کے لیے آئی ایس آئی، ایم آئی اور آئی بی کا استعمال کر رہے ہیں۔
عمر ایوب کی ٹوئٹ کے مطابق آئی ایس آئی، ایم آئی اور آئی بی کے ڈی جیز کو چاہیے کہ وہ سیاسی معاملات میں مداخلت سے باز رہیں اور پاکستان کے اندر بڑھتی ہوئی بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی پر توجہ دیں۔ آپ سے بڑھتی ہوئی دہشت گردی کا حساب لیا جائے گا کیونکہ آپ سیاسی معاملات میں مداخلت کر رہے ہیں اور اپنی بنیادی ذمہ داریوں سے غفلت برت رہے ہیں۔
اپوزیشن لیڈر نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے تمام ایم این ایز اور ایم پی اے اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ اور ان کے اہل خانہ ہدایت کے مطابق محفوظ مقامات پر ہیں۔