اسلام آباد (آئی پی ایس )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی کا بیان آیا، اللہ کرے عمران خان اپنے بیان پر قائم رہیں، اے پی سی بلانے پر اتحادیوں سے مشاورت جاری ہے۔
جمعہ کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے ٹیکس کے حوالے سے بھی بات کی، ان کا کہنا تھا کہ ملک میں 45 لاکھ افراد ٹیکس نہیں دے رہے، نان فائلز کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا، ٹیکس چوروں اور ساتھ دینے والے افسران کو سزا دی جائے گی۔
انھوں نے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ تاجکستان انتہائی کامیاب رہا، کراچی پورٹ کے حوالے سے تفصیلی بات ہوئی، دونوں ممالک میں تجارت بڑھانے پر بھی بات ہوئی، پاکستان اور تاجکستان کی شرکتداری کو آگے بڑھایا جاسکتا ہے، تجارت بڑھانے کیلئے پورٹس کا کردار بہت اہم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ قازقستان میں بھی وزیراعظم کی اہم ملاقاتیں ہوئیں، زراعت، مائیننگ سمیت مختلف شعبوں پر بات ہوئی، جب کہ روس اور پاکستان کی تجارت بھی بڑھے گی، وزیراعظم کی پالیسیوں سے بہت فائدہ ہوا۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ وزیراعظم نے فلسطین پر دو ٹوک مقف اپنایا، شہباز شریف نے کہا کہ اسرائیل جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے، فلسطین کے 20 لاکھ افراد نقل مکانی پرمجبور ہیں، پاکستان، آزاد فلسطین کی حمایت کرتا ہے۔